آئندہ جمعۃ المبارک ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے طور پر منایا جائے گا: منہاج القرآن علماء کونسل

مورخہ: 28 اگست 2018ء

31 اگست کے دن ملک بھر میں پر امن احتجاج کریں گے: رفیق نجم، رانا محمد ادریس
منہاج القرآن سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کی طرف سے کریم آقا ﷺ کے ہیش ٹیگ سے عالم گیر مہم شروع
رواداری کے اصولوں کو نظر انداز کیا گیا تو پھر بین الاقوامی تناؤ بڑھے گا: فرخ شہزاد

لاہور (28 اگست 2018ء) تحریک منہاج القرآن نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ جمعۃ المبارک ’’شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے طور پر منایا جائے گا اور علماء اس عنوان پر خطابات کریں گے، نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاج بھی کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈی نیشن رفیق نجم اور علامہ رانا محمد ادریس نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تحریک منہاج القرآن سوشل میڈیا ورکنگ کونسل نے گذشتہ شام 6 بجے کریم آقا ﷺ (#MuhammadTheMerciful) کے ہیش ٹیگ سے عالم گیر مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

رفیق نجم نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی ذات مقدسہ ہر مسلمان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز تر ہے، آپ ﷺ کی عزت و ناموس پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب مقدس ہستیوں، رسولوں، پیغمبروں کی اہانت کی اجازت نہیں دیتا اور نہ اس طرز کا رویہ آزادی اظہار کے زمرے میں آتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن انٹر نیشنل کی سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے ہیڈ فرخ شہزاد نے ہیش ٹیگ کے اجراء کے حوالے سے کہا کہ اگر برداشت، رواداری اور بقائے باہمی کے عالمی متفقہ اصول کو نظر انداز کر دیا جائے اور اخلاقی و مذہبی اقدار کی بے توقیری کی جائے تو امن عالم کی موجودہ صورتحال بد تر ہو جائے گی اور دنیا میں موجود تناؤ کو ختم کرنے کی تمام کوششیں بے سود ہو کر رہ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کے عوام دیگر مذاہب کی مقدس ہستیوں کے متعلق احترام پر مبنی رویہ اختیار کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top