ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر خواتین کیلئے سہ ماہی فہم دین کورس کا یکم جنوی سے اجرا

اخلاقی اقدار پر مبنی معاشرہ کی تشکیل کیلئے خواتین کی تعلیم ضروری ہے: منہاج القرآن علماء کونسل
سہ ماہی کورس سیرت النبی ﷺ اور بنیادی اسلامی عقائد کے نصاب پر مشتمل ہو گا

لاہور (15 دسمبر 2018) منہاج القرآن علماء کونسل کے سینئر مرکزی رہنما علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ اخلاقی اقدار پر مبنی حقیقی اسلامی معاشرہ کی تشکیل کیلئے خواتین کی دینی تعلیم ضروری ہے، اس علمی تربیتی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی ویژن کی روشنی میں تحریک منہاج القرآن یکم جنوری سے خواتین کیلئے سہ ماہی فہم دین شارٹ کورسز شروع کئے جا رہے ہیں۔ یہ کورسز منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ میں منعقد ہو رہے ہیں، کورسز میں حصہ لینے والی خواتین کی کم سے کم تعلیمی اہلیت میٹرک رکھی گئی ہے۔

علامہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ فہم دین شارٹ کورسز میں پہلے پارے کا ترجمہ، سیرت النبی ﷺ کے منتخب موضوعات پر لیکچرز، بنیادی اسلامی عقائد کی تفہیم وتدریس، بندگی، معاشرت اور خدمت دین کے آداب، اخلاقی و روحانی تربیت کے موضوعات پر خصوصی لیکچرز دیے جائیں گے۔

علامہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اسلامی ملک پاکستان میں گھریلو جھگڑوں، بد سلوکی، بد اخلاقی اور ناچاقی کی وجہ سے طلاق کی شرح خوفناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ بڑھتے ہوئے عدم برداشت کی وجہ سے اب نوبت قتل و غارت گری تک آ پہنچی ہے اور گھروں کا سکون غارت ہو چکا ہے۔ گھر معاشرہ کا بنیادی یونٹ اور اکائی ہے، جب بنیادی اکائی ٹوٹ پھوٹ کے عمل سے دوچار ہوگی تو اس کے منفی اثرات سے من حیث الجموع معاشرہ محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ یہ بات ہمارے پیش نظر رہنی چاہیے کہ گھر کے یونٹ کی نگہبان خاتون ہوتی ہے اگر اس کی تعلیم و تربیت کے تقاضے پورے نہیں ہونگے سربراہ خانہ اپنی دینی، اخلاقی، تربیتی، عائلی ذمہ داریوں سے نابلد ہو گی تو امن و سکون رخصت ہو جائے گا، خاتون ماں کی شکل میں آئندہ نسلوں کی امانت دارہے، مگر افسوس ہم لفظوں کی حد تک تو ماں کی اہمیت اور قدر و منزلت کو تسلیم کرتے ہیں مگر ماں کی تعلیم و تربیت کے نبوی اور سماجی، عصری تقاضوں کو پورے کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں جس کا نتیجہ پوری سوسائٹی بھگت رہی ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں سب سے کم شرح خواندگی خواتین میں ہے، خواتین کے ناخواندہ رہ جانے کے مضمرات سوسائٹی میں ہر جگہ پھیلے ہوئے ہیں۔

ادارہ منہاج القرآن نے اصلاح و احوال معاشرہ کے دینی، قومی و ملی فریضے کی ادائیگی کو ہمیشہ سر فہرست رکھا ہے اور کسی بھی وجہ سے تعلیم سے محروم رہ جانے والے خواتین و حضرات کیلئے تحصیل علم اور فہم دین کیلئے وقت کی قلت اور قید سے آزاد پروگرام مرتب کئے ہیں، فہم دین بھی اسی کاوش کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سینکڑوں سکول و کالجز، سینکڑوں کتب اور ہزاروں لیکچرز کے ذریعے موجودہ اور آئندہ نسلوں کی علمی، تربیتی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔ فہم دین کورس میں و الدین اپنی بچیوں عزیز و اقارب کو شرکت کروائیں، بنیادی عقائد کی تفہیم کے ساتھ ساتھ حقوق و فرائض سے آشنائی کے بغیر اعلیٰ اخلاقی اقدار پر مبنی مثالی اسلامی معاشرہ کی تشکیل نا ممکن ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top