نظام المدارس پاکستان کی طرف سے شجر کاری مہم چلانے کا فیصلہ

مورخہ: 04 اگست 2021ء

ملحقہ مدارس کے ناظمین کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں
انسانی بقا کیلئے آگ، پانی، ہوا کے ساتھ درخت بھی ضروری ہیں: علامہ عین الحق بغدادی

لاہور (4 اگست2021ء) معروف مذہبی سکالر، نظام المدارس پاکستان کے ناظم امتحانات و تعلیمات علامہ عین الحق بغدادی نے کہا ہے کہ صفائی اور ماحولیات کا تحفظ انسانی ہی نہیں ایک دینی فریضہ بھی ہے۔ درخت لگانا اور اسکی حفاظت کرنا سنت نبوی ﷺ ہے اور اسکے بے اندازہ فیوض و برکات بھی ہیں۔ اسلام دین فطرت اور دین انسانیت ہے۔ دین اسلام میں درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ نظام المدارس پاکستان سے ملحقہ تمام دینی مدارس کے مہتمہین کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مدارس میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور طلبہ میں بھی شجرکاری کی اہمیت و فضیلت اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کی زد میں آنے والے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہے۔ انسانی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور جنگلات بڑھانے ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طور پر مطالبہ کرتا ہوں کہ بلا جواز ہرے بھرے درخت کو کاٹنے کی سزا عمر قید ہونی چاہیے اور یہ ایک دہشتگردانہ عمل قرار دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بقا کیلئے آگ، پانی اور ہوا کے ساتھ ساتھ درخت بھی ضروری ہیں۔ درخت ماحولیاتی آلودگی سے انسانی زندگیوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔

عین الحق بغدادی نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے تحت ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں درختوں کی اہمیت و شجر کاری مہم کے سلسلے میں تقاریب منعقد کی جائینگی۔ سیمینارز، واکس کے ذریعے عوام کو شجر کاری مہم میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری سے نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رہتا ہے بلکہ یہ عمل صدقہ جاریہ بھی ہے جب تک درخت کا سایہ، پھل یا کسی بھی اور طریقے سے لوگ استفادہ حاصل کریں گے۔ درخت لگانے والے کو ثواب ملتا رہے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top