کارکن کسی کی سیاسی جنگ کا حصہ نہ بنیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت

عمران خان نے اقتدار میں آ کر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کا حال تک نہیں پوچھا
کارکنوں کا خون بہانے والے اقتدار میں آگئے، انصاف کیلئے قانونی جدوجہد جاری رہے گی
2018ء میں کہا تھا اس نظام میں 100 الیکشن بھی ہو جائیں تبدیلی نہیں آئے گی
یہ نظام جب کرسی پر بٹھاتا ہے تو سب ٹھیک، اٹھا دے تو کہا جاتا ہے کیوں نکالا؟

Dr Tahir ul Qadri addesses meeting with central leaders of MQI

لاہور (12 اپریل 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظر میں کارکنان اور مرکزی ذمہ داران کو پالیسی گائیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کسی سیاسی لڑائی، جھگڑے کا حصہ نہ بنیں۔ پرائی لڑائی میں کودنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے ویڈیو لنک پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف اقتدار میں وہ لوگ آگئے ہیں جو ہمارے بے گناہ کارکنان کے قاتل ہیں اور دوسری طرف اقتدار سے بے دخل ہونے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے شہید کارکنوں کے انصاف کیلئے رتی برابر تعاون نہیں کیا بلکہ حال تک نہیں پوچھا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ حصول انصاف کیلئے آخری سانس تک قانونی چارہ جوئی جاری رہے گی اور عدلیہ سے انصاف مانگتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل شہداء کے انصاف کیلئے عمران خان ہمارے ساتھ تھے، تحریک بھی چلی، احتجاج بھی ہوئے مگر اقتدار میں آ کر وہ شہداء کے انصاف سے ایسے بیگانہ ہوئے جیسے یہ واقعہ ہوا ہی نہیں ہے؟ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مرکزی رہنما خرم نواز گنڈاپور بیسیوں مرتبہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ حکومتی وزراء سے انصاف کیلئے ملتے رہے۔ انصاف کے سوا ہم نے ان سے کبھی کچھ نہیں مانگا اور نہ ہمیں کوئی حاجت تھی مگر اسلام آباد سے آنے والے عہدیداروں نے فقط وعدے کئے عملاً کچھ نہیں ہوا۔ اس لئے اب ہم کسی کی سیاسی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ میں نے 2018ء میں سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے وقت کہا تھا کہ اس نظام کے تحت 100 الیکشن بھی ہو جائیں مگر تبدیلی نہیں آئے گی۔ یہ نظام جب کرسی پر بٹھاتا ہے تو سب ٹھیک نظر آتا ہے، کرسی سے اٹھا دے تو کہا جاتا ہے کیوں نکالا؟۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے فلاحی، تنظیمی، تعلیمی اور خدمت خلق کے امور پر توجہ مرکوز رکھیں اور پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت اور سلامتی کیلئے دعا کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top