منہاج یونیورسٹی لاہور کے لیکچررز کا 3 ماہ تک 5 فیصد تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان

مورخہ: 31 اگست 2022ء

متاثرین سیلاب کی مدد ہمارا دینی، انسانی و قومی فریضہ ہے:ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
یونیورسٹی کے طلباء کی طرف سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لئے ریلیف کیمپ بھی قائم
منہاج القرآن کے تعلیمی انسٹی ٹیوشنز کی طرف سے بھی ریلیف کیمپ قائم کردئیے گئے

سیلاب زدگان امداد

لاہور (31 اگست 2022) منہاج یونیورسٹی لاہور کے جملہ پروفیسرز، لیکچررز اور سٹاف ممبرز نے مسلسل تین ماہ تک اپنی 5 فیصد تنخواہ سیلاب متاثرین کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے طلباء نے سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کی مدد کے لئے ریلیف کیمپ قائم کر دئیے ہیں جہاں طلباء و طالبات اپنا جیب خرچ اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کیلئے جمع کروارہے ہیں۔

منہاج القرآن کے زیراہتمام کام کرنے والے تعلیمی، فلاحی انسٹی ٹیوشنز جن میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ اور آغوش آرفن کیئر ہوم بطور خاص شامل ہیں ان اداروں کے اساتذہ اور طلباء کی طرف سے بھی ریلیف کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں اور متاثرہ بھائیوں کی مدد کیلئے عطیات جمع کئے جارہے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپنا دینی، انسانی و قومی کردار ادا کرنے والے اساتذہ اور طلباء مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں سیلاب کی وجہ سے بہت بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ لاکھوں خاندان بے گھر ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان تمام پاکستانی بھائیوں کو احساس دلوانا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے والے منہاج یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ، دیگر عملہ اور منہاج القرآن کے تعلیمی انسٹی ٹیوشنز کے اساتذہ کی طرف سے ریلیف کیمپ قائم کرنے کے اقدام کو بے حد سراہا اور انہیں مبارکباد دی ہے۔انہوں نے سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کی۔ زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور دعا کی کہ اللہ رب العزت متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد اپنے پاؤں پر کھڑا کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top