منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ”سیدنا فاروق اعظمؓ کانفرنس“ کا انعقاد

عہد فاروقی میں بین المذاہب رواداری کی مضبوط اخلاقی بنیادیں قائم ہوئیں، ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری
عدل و انصاف اور رعایا کی خبر گیری میں دور فاروقی کو بطور مثال پیش کیا جاتا ہے: مفتی غلام اصغر صدیقی
سیدنا عمر فاروقؓ نے اسلامی سلطنت کی مضبوطی کیلئے جدید اصلاحات کیں: علامہ اشفاق علی چشتی

Hazrat umar conference at Minhaj ul Quran

لاہور (20جولائی2023) منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں مراد رسول، خلیفہ دوم، امیر المومنین سیدنا فاروق اعظم کے یوم شہادت کے موقع پر”سیدنا فاروق اعظمؓ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروقؓ جلیل القدر صحابی رسول اور عظیم منتظم تھے۔ سیدنا فاروق اعظمؓ کا دور خلافت اسلام کے زریں اصولوں پر قائم تھا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

سیدنا فاروق اعظمؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہاکہ حضرت سیدنا عمر فاروقؓ تاریخ اسلام کی ایک ایسی عظیم شخصیت ہیں جن کا دور خلافت قیامت تک کیلئے آنے والے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ بین المذاہب رواداری کے حوالے سے جو اخلاقی بنیادیں حضرت عمر فاروق کے عہد میں قائم کی گئیں وہ آج بھی بین المذاہب رواداری کا ایک رہنما اصول ہیں۔حضرت عمر فاروقؓ کے دور خلافت میں جب بھی کوئی ملک فتح ہوتاتو اس ملک اور علاقے کی زبان و ثقافت کو تحفظ دیا جاتا۔آپؓ نے اپنی سیاسی بصیرت سے اسلامی سلطنت کو وسعت دے کر ساڑھے 22 لاکھ مربع میل تک پھیلایا۔

مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروقؓ کے دور کا نمایاں وصف عدل و انصاف ہے۔ آپؓ نے عوام کیلئے اپنا دروازہ ہمیشہ کھلا رکھنے کی پالیسی اپنا رکھی تھی، گورنروں اور دیگر اہلکاروں کو بھی ہدایات دے رکھی تھیں کہ وہ عوام پر اپنے دروازے کھلے رکھیں۔ عدل و انصاف اور رعایا کی خبر گیری میں آج بھی دور فاروقی کو بطور مثال پیش کیا جاتا ہے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ اشفاق علی چشتی نے کہا کہ سیدنا عمر فاروقؓ نے اسلامی سلطنت کی مضبوطی کیلئے جدید اصلاحات کیں جن سے عوام کو ریلیف اور سلطنت کو طاقت ملی۔ حضرت سیدنا عمر فاروقؓ عدل و انصاف کے پیکر تھے۔ آپ نے نظام حکومت کواس تدبر، حکمت سے مربوط اور مستحکم کیا کہ اسلامی سلطنت ایک مضبوط قوت کے طور پر صفحہ ہستی پر نمودار ہوئی۔

کانفرنس میں علامہ سید علی عابد مشہدی، علامہ حافظ خلیل احمد قادری، علامہ حافظ محمد طاہر ضیاء، علامہ محمد رفیق رندھاوا، علامہ اکرم طیب، علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top