شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ”انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز“ کی تقریب رونمائی

جو کام ادارے کرتے ہیں وہ کام شیخ الاسلام نے تنہا انجام دے دیا: مقررین
ہم عرب شیخ الاسلام کی علمی خدمات کی وجہ سے ان کا بے حد احترام کرتے ہیں: ڈاکٹر نصر اللبان
دین کی خدمت کیلئے بندوں کا انتخاب اللہ خود کرتا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد دیتا ہوں: مولانا طارق جمیل
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر راغب نعیمی، ارشاد عارف، مجیب الرحمن شامی، جسٹس (ر) نذیر غازی، اوریا مقبول، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر فرید پراچہ، مفتی زبیر فہیم، سید سبطین سبزواری، صوفیہ بیدار، شہزاد مجددی و دیگر کا خطاب

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

لاہور (2 اکتوبر 2023ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 60 جلدوں پر مشتمل تالیف کردہ ”انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز“ کی پہلی 8 جلدیں جو اصول الحدیث پر مشتمل ہیں کی تقریبِ رونمائی ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہوئی۔

تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اس انسائیکلوپیڈیا کے ذریعے علم الحدیث کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلانے والوں کے تمام اعتراضات کا علمی جواب دے دیا ہے۔ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ علم الحدیث پر کام کا آغاز آپ ﷺ کے عہدِ مبارک کے اڑھائی سو سال بعد ہوا، یہ تاثر کم علمی پر مبنی ہے، دین اسلام کی درست تفہیم کے لئے علم الحدیث ناگزیر ہے۔

مہمان خصوصی جامعہ الازہر مصر کے شیخ الحدیث پروفیسر ڈاکٹر نصر الدسوقی اللبان نے انسائیکلوپیڈیا آف حدیث کی تالیف پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو والہانہ انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم عرب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات پر ان کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ان کی وجہ سے اہل پاکستان سے بھی پیار کرتے ہیں۔ ہم عربوں نے علم الحدیث کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے اجازات لے رکھی ہیں۔

تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسائیکلوپیڈیا آف علوم الحدیث ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایک بڑا کارنامہ ہے اس پر میں اُنہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ دین کی حفاظت اللہ نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے۔ اس لئے ہر دور میں اللہ کے منتخب کئے گئے بندے ہی یہ خدمت انجام دیتے ہیں۔

مجیب الرحمن شامی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے انسائیکلوپیڈیا آف علوم الحدیث کے ذریعے حدیث کے علم، فن اور تاریخ پر جتنے بھی اعتراضات کئے جاتے ہیں ان سب کا ایک جگہ پر جواب دے دیا ہے۔ یہ علم حدیث کے باب میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی بہت بڑی خدمت ہے۔ میری دعا ہے علمی میدان میں وہ اسی طرح فتوحات کرتے رہیں۔

دانشور، صحافی سید ارشاد عارف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسائیکلوپیڈیا پر ادارے اور بڑی تعداد میں محققین مل کر کام کرتے ہیں میں حیرت میں مبتلا ہوں کہ یہ کام تنہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے انجام دے دیا۔ میں ان کی توفیقات میں اضافہ کیلئے دعاگو ہوں۔

جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسائیکلوپیڈیا عربی زبان میں ہے مگر افسوس پاکستان کے تعلیمی اداروں سے عربی زبان نکال دی گئی۔ عربی کو لازمی مضمون کے طور پرپڑھایا جانا چاہیے۔ میں ان کے صاحبزادے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے کہوں گا وہ اس انسائیکلوپیڈیا کا انگریزی اور اردو زبان میں بھی ترجمہ کروائیں۔

اوریا مقبول جان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت اپنے دین کی خدمت کے لئے لوگوں کو منتخب کرتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری بھی انہی منتخب لوگوں میں سے ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تالیف کردہ انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز فن حدیث اور علم الحدیث کے باب میں ایک مستند اور قابل قدر علمی کاوش ہے۔ شیخ الاسلام نعلین پاک کے تصدق سے فی زمانہ قرآن و سنت اور شریعت محمدیہ کا مستند مواد اُمت اور آئندہ نسلوں کو دے رہے ہیں۔ علوم الاسلامیہ کے طالب علم، محققین و اساتذہ پورے اعتماد کے ساتھ شیخ الاسلام کی تصانیف و تالیفات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

مولانا ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے فی زمانہ علم الحدیث کے حوالے سے بہت بلند تر علمی معیار قائم کر دیا ہے۔ یہ کام باعث خیر بھی ہے اور محققین کے لئے ایک رکاوٹ بھی، اب اس دور کا محقق ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس کام کے بعد مزید کیا کام کرے گا؟۔

ڈاکٹر فرید پراچہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے ڈاکٹر طاہرالقادری نے انسائیکلوپیڈیا آف قرآن سٹڈیز مرتب کیا اور اب انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز مکمل کر لیا۔ اہل علم کو خوشی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس گئے گزرے دور میں بھی علم و تحقیق کا دروازہ کھلا رکھا ہوا ہے۔

علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ علوم الحدیث پر یہ کام اپنی مثال آپ ہے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ اہل علم کے ہاں علوم الحدیث اور فن حدیث کے اعتبار سے جو تشنگی تھی اس پیاس کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس انسائیکلوپیڈیا کے ذریعے بجھا دیا ہے۔

علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے دین کیلئے کام کرنے والے قیامت تک زندہ رہیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے محبوب مکرم کی حدیث پر خوبصورت کام کیا ہے۔

مولانا مفتی زبیر فہیم نے انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز مرتب کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کو خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد بھی دی۔

علامہ شہزاد حسین مجددی نے کہا کہ ہمیں شکر کرنا چاہیے اللہ نے اس عہد میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری پیدا کر دیا۔ کوئی اختلاف رکھنے والا شخص بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کو اگر مجدد کہتے ہوئے جھجکے گا نہیں۔

صوفیہ بیدار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسائیکلوپیڈیا آف علوم الحدیث ایک معجزاتی کام ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری تحقیقی کے باب میں جو خدمات انجام دے رہے ہیں اس پر ہم سب پاکستانیوں کو فخر ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض فریدِ ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے انجام دئیے۔ عرب مہمان استاذ الحدیث پروفیسر ڈاکٹر نصراللبان کو عربی زبان میں حافظ سعید رضا بغدادی نے دعوتِ خطاب دی، تقریب کا اختتام دعائے خیر پر ہوا۔

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

Dr Tahir-ul-Qadri Hadith Encyclopedia launched at Aiwan-e-Iqbal Lahore

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top