منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی 3 روزہ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ اختتام پذیر

ماہرین تعلیم نے جدید طریقہ تدریس کے بارے اساتذہ کولیکچرز دئیے
موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال، انجینئررفیق نجم، ڈاکٹر عفیفہ خانم، حمیرا بھٹو، وسیم انور چوہدری، شعیب طاہر کے لیکچرز

Minhaj Education Society 3 day teachers training workshop

لاہور (29 دسمبر 2023) منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام 3 روزہ ٹیچرز ٹریننگ و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین تعلیم و نامور ٹرینرز نے اساتذہ کو عصری تقاضوں سے آراستہ کرنے کیلئے ان کی فنی و پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے وجدید طریقہ تدریس کے بارے میں لیکچرز دئیے۔ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ میں ملک بھر سے سینکڑوں اساتذہ و پرنسپلز نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی شعیب طاہر نے اختتامی تقریب میں تربیتی ورکشاپ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کومزید بہتر بنانا ہے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ہمیشہ اپنے اساتذہ کی تدریسی تربیت کو مسلسل بہتر بنانے کیلئے ایسی ورکشاپس کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔

معروف موٹیویشنل سپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں تعلیمی مناظر اور معاشرتی اقدار کی تشکیل میں والدین اور پرنسپل کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں تربیت یافتہ استاد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ استاد علم و عمل کا سرچشمہ ہوتاہے۔ ایک بہترین استاد کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے فن تدریس میں پوری مہارت رکھتا ہو۔ استاد کی تعلیم بچوں کو مستقبل کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بناتی ہے۔

معروف ماہر تعلیم اور ٹرینر حمیرا بھٹو نے کہا کہ تربیت کی بدولت ہی انسان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں۔ امن، محبت، ترقی، دیانتداری جیسی خصوصیات اگر کسی معاشرے میں ہوں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس معاشرے کے اساتذہ اپنے فرض کو ذمہ داری سے نبھا رہے ہیں۔ نامور ماہر تعلیم ولاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی شعبہ ایجوکیشن کی ہیڈڈاکٹر عفیفہ خانم نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک بہترین اور کامیاب استاد با مقصد زندگی گزارنے کی فکر دیتا ہے، استاد قوموں کے معمار اور ترقی کے نقیب ہوتے ہیں۔

تربیتی ورکشاپ سے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تحریک منہاج القرآن انجینئر محمدرفیق نجم، معروف ماہرین تعلیم وسیم انور چوہدری، حافظ نیاز احمد، ارشاد طاہر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر تربیتی ورکشاپ میں شریک اساتذہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top