اللہ کے وجود سے انکار کرنے والے خود گمراہ ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

3 ہزار سال قبل مسیح غرق ہو کر مرنے والے فرعون کی اللہ نے قرآن میں خبر دی
فرعون کی لاش پر تحقیق کرنے والے ڈاکٹر مورس نے اسلام قبول کر لیا
بانی تحریک منہاج القرآن کا شہر اعتکاف میں وجود باری تعالیٰ کے موضوع پر دوسرے روز خطاب

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

لاہور (2 اپریل 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں دوسرے روز ”خدا کو کیوں مانیں؟ اور مذہب کو کیوں اپنائیں“ کے موضوع پر ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے وجود سے انکار کرنے والے خود گمراہ اور ذہنی و نفسیاتی مریض ہیں۔ یہ عناصر رحمن کی بجائے شیطان کا نائب بن کر گمراہی پھیلا رہے ہیں، اللہ کے وجود کی نشانیاں کائنات میں ہر جگہ موجود ہیں بس دیکھنے والی آنکھ اور تدبر والے دماغ کی ضرورت ہے۔ اللہ کی پاک کتاب کے مخاطبین بھی اہل فکر و دانش ہیں، جہلا قرآن کے مخاطب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے وجود کی ایک نشانی واقعہ فرعون ہے، 3 ہزار سال قبل مسیح دریا میں غرق ہونے والے فرعون کی لاش اللہ نے نشان عبرت کے لئے محفوظ کر دی اور اس کی تفصیل قرآن مجید میں بیان فرمادی، 14 سو سال بعد 1958ء میں ایک سائنسدان ڈاکٹر مورس نے فرعون کی لاش پر تحقیق کی، اس کی سائنسی تحقیق میں ثابت ہوا کہ یہ وہی فرعون ہے جس کا قرآن مجید میں ذکر ہے اور یہ ڈوب کر مرا۔ وہ حیران تھا کہ تند و تیز طوفانی لہروں نے اسے ہچکولے دے دے کر مار دیا مگر اس کی لاش محفوظ رہی۔ ڈاکٹر مورس نے اس بات کا اقرار کیا کہ یہ اللہ ہی ہے جس نے فرعون کی لاش کو محفوظ کر دیا اور خبر اپنے آخری نبی حضور نبی اکرمؐ کے ذریعے قرآن میں دے دی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ 1988ء میں منہاج القرآن کے زیر اہتمام لندن میں بین الاقوامی ویمبلے کانفرنس منعقد کی گئی اس کانفرنس میں، میں نے فرعون کی لاش پر تحقیق کرنے والے ڈاکٹر مورس کو بھی مدعو کیا اور اس کی زبانی فرعون کی لاش پر تحقیق اور قبول اسلام کا واقعہ سنا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان اور ہدایت اہلِ فکر و دانش کے لئے ہے، جہلا، متکبرین خدا کے وجود کا انکار کرنے والے نفسیاتی اور ذہنی معذوروں کے لئے ہدایت کی دولت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں ایک عالمی شہرت یافتہ ریاضی دان ڈاکٹر گرے میلر نے قرآن مجید میں سے معاذ اللہ غلطیاں نکالنے کا اعلان کیا اور جب اُس نے قرآن مجید پر غور کیا تو اُس نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا کہ یہ کتاب تضادات اور غلطیوں سے پاک ہے اور یہ کتاب کسی انسان کی نہیں ہو سکتی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ میڈیکل سائنس اور سائنس کے تمام شعبے جن حقائق پر 14سو سال کے بعد پہنچ رہے ہیں یہ تمام حقائق اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں محفوظ فرما دئیے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل سائنس آج کہہ رہی ہے انسانی جسم کا ڈھانچہ 360جوڑوں پر محیط ہے جبکہ صحیح مسلم شریف کی حدیث ہے کہ اللہ کے نبیؐ نے فرمایا انسانی جسم 360جوڑوں پر استوار ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سچی خبریں دینے والے صادق و امین، خاتم النبین حضور نبی اکرم ﷺ کو تمام معتکفین کھڑے ہو کر سلیوٹ کریں اور آپؐ کا امتی ہونے پر ہدیہ تشکر بجالائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اور امت مسلمہ کا ہر فرزند قرآن سے محبت کرے، اپنی نمازوں کو اپنے اللہ سے ملاقات کا ذریعہ بنائے اور اپنی عبادات میں حسن پیدا کرے اور اللہ سے اپنی دوری کو ختم کرے۔

اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، خرم نواز گنڈاپور، تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظمین اعلیٰ اور علمائے کرام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top