عصری تقاضوں کے مطابق دینی علم حاصل کیا جائے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

ناپختہ دینی علم والوں کے فتوؤں سے سوسائٹی میں انارکی پھیل رہی ہے، شہر اعتکاف میں خطاب

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

لاہور (8 اپریل 2024) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناپختہ دینی علم والوں کے فتوؤں اور بحثوں سے سے سوسائٹی میں انارکی پھیل رہی ہے۔ دین کے طالب علم آج کے تقاضوں کے مطابق دین کو سمجھیں۔ آج کے نوجوان کی علمی استعداد اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت تکنیکی اور سائنسی ہے لہٰذا علمائے کرام نئی نسل سے موثر انداز میں مکالمہ کے لئے اپنے علم میں پختگی لائیں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں جانے کے لئے ایک تعلیم اور تجربہ ضروری ہوتا ہے مگر افسوس دین کے علم کو اتنا لاوارث سمجھ لیا گیا ہے کہ جس کا جب جی چاہتا ہے خود کو عالم دین قرار دے کر فتویٰ بازی شروع کر دیتا ہے۔ نوجوان ایسے فتویٰ بازوں سے ہوشیار رہیں اور اپنے ایمان کے معاملات ان پڑھوں اور جاہلوں کے سپرد نہ کریں۔ جو شخص بھی دین کا نام لیتا ہے اُس سے اس کی تعلیم اور ڈگری کے بارے میں سوال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہاوت ہے کہ جس کا کام اسی کو ساجھے، ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹر انجینئرنگ کے شعبہ میں رائے نہیں دے سکتا، ہارٹ سپیشلسٹ آنکھ کا آپریشن نہیں کر سکتا مگر دین کے معاملہ میں رویے بڑے سفاکانہ ہیں جس کی سرے سے دین کی کوئی تعلیم نہیں ہوتی وہ دین کے نام پر بڑی بڑی بحثیں کرتا ہے اور پھر نتیجہ گتھم گتھا ہونے اور غلیظ گالیوں کی صورت میں نکلتا ہے، اس رویہ سے نوجوان دین سے دور اور مذہب بدنام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اور ہر طبقہ فکر کے افراد اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو عالم دین نہیں ہے، جس کا علم پختہ نہیں ہے اس سے دینی امور پر رائے مت لیں، نیم حکیم خطرہ جان ہوتا ہے اور آج کل نیم حکیموں کا دینی میدان میں غلبہ ہے اس لیے ان سے بچیں اور خود کو قرآن و سنت کی تعلیمات سے ہم آہنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا شہر اعتکاف محض روایتی اعتکاف گاہ نہیں ہے یہاں علم بھی ہے اور اخلاقی و روحانی تربیت بھی ہے۔ معتکفین کے ایمان کی حفاظت و سلامتی کے ساتھ ساتھ ان کو آج کے دور کے فکری فتنوں اور مغالطوں سے بچانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن گناہوں کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہے۔ قرآن مجید کی باقاعدگی سے تلاوت کریں اور اس کے معنی پر غور و فکر سے کام لیں۔

گزشتہ روز شہر اعتکاف میں منہاج القرآن کے بانی اراکین کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اور ان کی تحریک کے لئے خدمات کو سراہا گیا اور خصوصی شیلڈز بھی دی گئیں۔ شہر اعتکاف میں سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس، معروف قانون دان، وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ، برطانیہ کے معروف سماجی راہنما عدیل چودھری اور بڑی تعداد میں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

Minhaj ul Quran Itikaf 2024

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top