تحریک منہاج القرآن راولپنڈی وسطی کے زیر اہتمام درس عرفان القرآن کی نشست کا انعقاد

راولپنڈی: علامہ میاں عنصر محمود قادری، نائب ناظم تحریک منہاج القرآن وسطی پنجاب نے تحریکِ منہاج القرآن وسطی پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ درسِ عرفان القرآن میں "فلاحِ دارَین کا راز" کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی حقیقی کامیابی نہ صرف دنیاوی آسائشوں میں پوشیدہ ہے اور نہ ہی محض ظاہری ترقی میں بلکہ اصل فلاح اُس توازن کا نام ہے جو بندہ اپنے رب سے تعلق، اپنے نفس کی اصلاح اور معاشرے کے حقوق کی ادائیگی کے ذریعے قائم کرتا ہے۔ قرآنِ مجید نے جن لوگوں کو کامیاب قرار دیا ہے وہ اہلِ ایمان ہیں جو عقیدہ، عبادت، اخلاق اور معاملات میں کامل راست بازی اختیار کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مومنوں کی صفات بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ اپنی نمازوں میں خشوع اختیار کرتے ہیں، لغویات سے اجتناب کرتے ہیں، زکوٰۃ ادا کرتے ہیں اور اپنی امانتوں اور وعدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ علامہ صاحب نے کہا کہ یہ صفات دراصل فلاحِ دارین کا عملی خاکہ ہیں۔ اگر ایک مسلمان اپنی زندگی کو ان اصولوں کے مطابق ڈھال لے تو وہ نہ صرف دنیا میں باعزت اور باوقار زندگی گزارتا ہے بلکہ آخرت میں بھی سرخرو ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآنِ حکیم بارہا تقویٰ کو کامیابی کی بنیاد قرار دیتا ہے۔ تقویٰ محض ظاہری پرہیزگاری کا نام نہیں بلکہ دل کی کیفیت، نیت کی پاکیزگی اور ہر عمل میں اللہ کی رضا کو مقدم رکھنے کا نام ہے۔ جب انسان اپنے ہر قول و فعل میں یہ احساس پیدا کر لیتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں جواب دہ ہے تو اس کی زندگی خود بخود سنور جاتی ہے۔ یہی احساسِ جواب دہی اسے ظلم، ناانصافی، دھوکہ دہی اور اخلاقی برائیوں سے بچاتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’تم میں بہترین وہ ہے جس کے اخلاق بہترین ہیں۔ ‘‘ فلاحِ دارین کا ایک اہم ستون حسنِ اخلاق ہے۔ عبادات اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن اگر انسان کے معاملات درست نہ ہوں، اس کے اخلاق میں نرمی، برداشت اور اخلاص نہ ہو تو وہ حقیقی کامیابی سے محروم رہ سکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کی مشکلات کی بڑی وجہ قرآن و سنت سے عملی دوری ہے۔ ہم نے دین کو رسمی عبادات تک محدود کر دیا ہے جبکہ قرآن ایک مکمل ضابطۂ حیات پیش کرتا ہے۔ اگر ہم تعلیماتِ قرآن کو اپنی انفرادی، خاندانی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کریں تو معاشرے میں امن، عدل اور رواداری فروغ پائے گی۔ دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی اسی وقت حاصل ہو سکتی ہے جب انسان اپنی زندگی کو تعلیماتِ قرآن و سنت کے مطابق ڈھال لے اور دینِ اسلام سے مضبوط تعلق قائم کرے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور کے فتنوں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قرآن فہمی اور سیرتِ نبویؐ کی پیروی ناگزیر ہے۔
درسِ قرآن کی نشست میں قائدین تحریک منہاج القرآن راولپنڈی و کارکنان سمیت اہلِ علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔




















تبصرہ