سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے حکومتی نمائندگان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ

سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے حکومتی نمائندگان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے منہاج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا اور ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔
وفد میں سینئر حکومتی نمائندگان، اراکینِ اسمبلی، امورِ اقلیت کے رہنما اور میڈیا سے وابستہ شخصیات شامل تھیں۔ وفد کے اراکین میں انتھونی نوید سہوترا (ڈپٹی اسپیکر، سندھ اسمبلی)، ڈاکٹر شام سندر (وزیر برائے اقلیتی امور، سندھ)، رانا راج ویر سنگھ سوڈھا (وزیر برائے انسانی حقوق، سندھ)، مسٹر مہیش کمار ہسیجا (ایم پی اے، سندھ)، مسٹر کرشن شرما (پردھان پاکستان ہندو مندر پربندھ کمیٹی)، مسٹر جئے پرکاش مورانی (ایڈیٹر، روزنامہ عبرت)، عسکر پرویز (ایم پی اے، خیبر پختونخوا)، سنجے کمار (ایم پی اے، بلوچستان) اور روی کمار (ایم پی اے، بلوچستان) شامل تھے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر خرم شہزاد (رجسٹرار)، ڈاکٹر جاوید اقبال (ڈین، فیکلٹی آف الائیڈ اینڈ اپلائیڈ ہیلتھ سائنسز)، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ علقمہ (ڈین، فیکلٹی آف ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز)، سہیل احمد رضا (ڈائریکٹر انٹرفیتھ، ایم کیو آئی)، میجر (ر) سلمان جہانگیر (ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن)، محمد شہزاد خان اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر قیامِ امن، بین المذاہب ہم آہنگی، اقلیتی حقوق اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج یونیورسٹی لاہور ایسے ادارے ہیں جو لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے، تعلیم کے مواقع بڑھانے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف تعلیمی، سماجی اور بین المذاہب سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے بین المذاہب رواداری، باہمی احترام، جامع تعلیم اور معاشرتی طبقات کے درمیان مثبت و تعمیری روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی ادارے انتہاپسندی کے خاتمے، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور آئینی و انسانی اقدار کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور (سیکرٹری جنرل، ایم کیو آئی)، نور اللہ صدیقی (سیکرٹری اطلاعات، ایم کیو آئی)، راجہ زاہد محمود (سینئر راہنما منہاج القرآن)، ڈاکٹر جواد اقبال (ڈائریکٹر اکیڈمکس) سمیت دیگر فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنی تصنیف "بین المذاہب رواداری: تاریخ، تصورات اور مکالماتی اِمکانات" وفد کے ارکان کو بطور تحفہ پیش کی۔ وفد نے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج یونیورسٹی لاہور کی جانب سے قیامِ امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتی فلاح کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
بعد ازاں وفد نے یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبہ جات اور انتظامی سہولیات کا دورہ کیا، جن میں اسکول آف فارمیسی، ابنِ سینا ڈیجیٹل روبوٹک لائبریری اینڈ ریسورس سینٹر، شیخ الاسلام انسٹی ٹیوٹ آف اسپریچوئل اسٹڈیز اور دیگر مراکز شامل تھے۔ مہمانوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، بین المذاہب ہم آہنگی کے اقدامات اور معیاری تحقیق و تعلیم کے لیے فراہمکردہ سہولیات کو سراہا۔





































تبصرہ