تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا اجلاس (مئی 2009ء)

مورخہ: 17 مئی 2009ء

تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس 17 مئی 2009ء کو ختم ہو گیا۔ اجلاس کا آغاز 16 مئی کو ہوا تھا۔ مرکزی امیر تحریک و پاکستان عوامی تحریک کے صدر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے اجلاس کی صدارت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ ریسرچ سکوارڈن لیڈر ریٹائرڈ عبدالعزیز، نائب ناظم اعلیٰ پریس اینڈ پروڈکشنز رانا فاروق احمد محمود، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رانا فیاض احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت، رانا محمد ادریس قادری، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی دیگر مرکزی ناظمین، نائب ناظمین، ویمن لیگ کی عہدیداران کے علاوہ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے سینکڑوں عہدیداران نے شرکت کی۔

مختلف تحصیلوں اور اضلاع سے آئے ہوئے عہدیداران نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں امدادی کاموں کے حوالے سے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی ہر شکل کی بھرپور مذمت کی گئی اور سوات اور مالاکنڈ سے تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی کو قومی المیہ قرار دیاگیا۔ اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آج (سوموار) سے ملک بھر میں "جھولی پھیلاؤ مہم" کے آغاز اور مردان میں قائم منہاج خیمہ بستی اور منہاج ہسپتال کو مزید وسیع کرنے اور ایک سال تک 10 ہزار خاندانوں (ایک لاکھ افراد) کی کفالت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ متاثرین کے لیے خیمے، اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان بھجوانے کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا اور ملک بھر میں امدادی کیمپوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اجلاس کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات اور مالاکنڈ سے تقسیم ہند کے بعد تاریخ کی سب سے بڑی نقل مکانی قومی المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مہاجرین بھائیوں کی خدمت کر کے تمام مسلمان ایثار مدینہ کی عملی مثال زندہ کر سکتے ہیں۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن متاثرین کی بحالی کے لئے جھولی پھیلاؤ مہم میں بھرپور حصہ لے۔ رضا کاران گھر گھر پہنچیں اور متاثرین سوات کی بحالی کے لئے امداد اکٹھی کریں تاکہ جلد از جلد متاثرہ خاندانوں تک سامان پہنچایا جا سکے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں 500 سے زائد امدادی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکاران گھر گھر جا کر فنڈ اکٹھا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت لانگ ٹرم پالیسی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور اسلام کو اپنے منفی طرز عمل سے ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے مٹھی بھر اقلیتی گروہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور سردار منصور احمد خان شرکت کریں گے۔

اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلے

  • ملک بھر سے متاثرین کی بحالی لیے جھولی پھیلاؤ مہم کا آغاز
  • مردان میں قائم خیمہ بستی اور منہاج ہسپتال کو وسیع کر نے اور ایک سال تک 3 ہزار خاندانوں کی کفالت کو یقینی بنایا جائے گا۔
  • متاثرین کے بحالی کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے متاثرین کے لیے خیمہ بستی، اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان مزید بجھوایا جائے گا۔
  • منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار کی ڈور ٹو ڈور مہم جاری رہے گی۔
  • اجلاس میں انتہاء پسندی، عسکریت اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے طویل مدتی پالیسیاں بنانے کیا فیصلہ کیا گیا۔
  • اجلاس میں پاکستان اور اسلام کو اپنے منفی طرز عمل سے ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والوں کی بھرپور مذمت کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top