تحريک منہاج القرآن - علامہ عبدالحق ظفر چشتی کی یاد میں ایصال ثواب کی مجلس
تفصيل
علامہ عبدالحق ظفر چشتی کی یاد میں ایصال ثواب کی مجلس
28 جون 2009 ء
سچے عاشق رسول ،بہترین مقرر، شاعر اور ادیب تھے: مولانا محمد حسین آزاد
انہوں نے ساری زندگی تبلیغ و اشاعت دین میں گزاری: حاجی امداد اللہ خان
ان کی دینی اور روحانی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: پروفیسر نصراللہ معینی
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سابق ڈویژنل صدر علماء کونسل لاہور
علامہ عبدالحق ظفر چشتی کی یاد میں ایصال ثواب کی مجلس سے مقررین کا خطاب
تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکریڑیٹ ماڈل ٹاؤن میں معروف مذہبی سکالر، متعدد کتب کے مصنف، مقرر، شاعر اور ادیب علامہ عبدالحق ظفر چشتی کی یاد میں ایصال ثواب کے لیے مجلس منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت مرکزی ناظم علماء کونسل صاحبزادہ فرحت حسین شاہ نے کی۔ ایصال ثواب کی مجلس سے معروف عالم دین، ماہر تعلیم پروفیسر نصراللہ معینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دینی اور روحانی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ساری زندگی اپنے شاگردوں کو بڑ ی محنت اور لگن سے پڑھایا۔ ان کے جلائے ہوئے علم کے چراغ ساری دنیا میں علم و عمل کی روشنی پھیلارہے ہیں۔ انہوں نے بہت سی کتب تحریر کی جو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ ایصال ثواب کی مجلس سے تحریک منہا ج القرآن علماء کونسل پنجاب کے صدر حاجی امداد اللہ خان قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکی ساری زندگی تبلیغ و اشاعت دین میں گزری۔ وہ بڑے محنتی اور دانشمندا نسان تھے۔ انکی تحریک منہا ج القرآن کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نونہالان وطن میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دیا۔ وہ سچے مسلمان اور محب وطن انسان تھے۔ علامہ محمد حسین آزاد الازہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ عبد الحق ظفر چشتی درویش صفت عالم دین، بہترین مقرر، شاعر، دانشور اور ادیب تھے۔ انہوں نے بے خوف و خطر اسلام اور مخلوق کی خدمت کی۔ مجلس میں علامہ محمد عثمان سیالوی، علامہ ممتاز حسین صدیقی، علامہ نصیر احمد اور قاری محمد یونس اعوان نے بھی شرکت کی۔ مجلس کے اختتام شرکاء نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی و درجات کی لیے خصوصی دعا کی۔