تحريک منہاج القرآن - منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایم ایس ایم کےزیر اہتمام طلباء اور امن سیمینار
تفصيل
منہاج یونیورسٹی لاہور میں ایم ایس ایم کےزیر اہتمام طلباء اور امن سیمینار
29 جون 2009 ء
طلباء کا ہتھیار کتاب ہے کلاشنکوف نہیں، امن، سلامتی، رواداری اور مساوات اسلام کے بنیادی ستون ہیں:امجد جٹ
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان معاشرے میں امن وسلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں:ساجد گوندل
طلباء بحالی امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں، طلباء کا ہتھیار کتاب ہے کلاشنکوف نہیں۔ امن، سلامتی، رواداری اور مساوات اسلام کے بنیادی ستون ہیں۔ اسلام، پاکستان، عوام اور جمہوریت کے لیے امن کی بحالی ناگزیر ہے۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت انسانیت کے لیے بربادی کا باعث ہیں۔ ان باتوں کا اظہار گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی لاہور میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کے مرکزی صدر امجد جٹ نے( طلباء اور امن )کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا بحران قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ وطن عزیز کا کاروبار تباہ ہورہا ہے معیشت برباد ہورہی ہے پانی کی تقسیم کا مسئلہ بھی مفادات کا کھیل ہے اور سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیزکا عوام کے لیے تحفہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں تو اپنے تعصب اور ذاتی مفادات کو قربان کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وطن عزیز کو امن کی ضرورت ہے تخریب کاری کا مقابلہ قوم کے اتفاق اور یکجہتی کے مظاہرے سے ہی ممکن ہے سیاستدانوں کو تعصب کے خول سے نکل کر قومی مثبت سوچ کو اپناناچاہیے۔ انھوں نے کہا کہ دشمن ہمیں صوبائی، لسانی، مذہبی، سیاسی اور علاقائی تعصب دے کرلڑانا چاہتا ہے۔ ناعاقبت اندیش اور مفاد پرست افراد دشمن کا آلہ کار بن کر بربادی کا کھیل کھیل رہے ہیں اگر اس میں وہ کامیاب ہوگیا تو ملک کو بہت نقصان پہنچے گا۔ انھوں نے طلباء سے کہا کہ ہم بیداری شعور امن کا آغاز کررہے ہیں آپ ہمارا ساتھ دیں۔ اتحاد، اتفاق، یکجہتی امن اورسلامتی ہی موجودہ حالات کی بگڑی ہوئی ناؤ کو کنارے تک پہنچا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف اب محب وطن افراد کو جمع ہونے کی ضرورت ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم ساجد گوند ل نے کہا کہ ملک کے دشمن ہمیں لڑا کر اپنے مذموم عزائم مکمل کرناچاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان معاشرے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ سیمینار سے حافظ محمد رمضان نیازی، اسماعیل انعام، رضوان علی قادری، محمد عمران درویش، عاصم رشید چوہدری اور حافظ عبدالغفار مصطفوی نے بھی خطاب کیا۔