گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ: 06 مئی 2013ء

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ماہانہ پروگرام 2 مئی 2013ء کو منعقد ہوا۔ ماہ مئی کے اس روحانی اجتماع کی میزبانی لاہور کے عزیز بھٹی ٹاؤن  کی تنظیم نے کی۔ پروگرام میں مردوں کے علاوہ خواتین اور فیملیز نے بھی بھرپور شرکت کی۔ مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کے ہال کی چھت پر پروگرام  کا آغاز نماز عشاء کے بعد شب نو بجے تلاوت و نعت سے ہوا۔

پروگرام  کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، گوشہ درود کے خدام اور تحریک کے مختلف شعبہ جات سے قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

تلاوت و نعت کے بعد منہاج نعت کونسل نے شیخ الاسلام کی کتاب دلائل البرکات سے عربی سلام منظوم انداز میں پیش کیا گیا۔اس موقع پر خواتین و حضرات نے نہایت عقیدت کے ساتھ جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام میںشہزاد برادران نے بھی نعت خوانی کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقویٰ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت کریمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی محتشم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مسجد ضرار میں قیام نہ کرنے کا حکم محض تقویٰ اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سراپا رحمۃ العالمین ہونے کی وجہ سے دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ انسانی معراج ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقہ انسان کو طہارت اور تقویٰ نصیب ہوا۔ انسانی جسم کا ایک ایک اعضاء تقویٰ سے لبریز ہو تو پھر بندہ اللہ والہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے جسم اور روح کو تقویٰ میں ڈھالنا ہوگا۔ تقویٰ ہی وہ سیڑھی ہے، جس کے ذریعے بندہ قرب الہی اور معرفت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حاصل کر سکتا ہے۔

گوشہ درود میں ماہ مئی کے دوران پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے۔پروگرام کے آخر میں مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے خصوصی دعا کرائی۔ جس کے بعد لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے سرانجام دیے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top