چیچہ وطنی: پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کا کرپٹ نظام کے خلاف پرامن دھرنا

مورخہ: 11 مئی 2013ء

شرکاء دھرنا سے رانا محمد ادریس حسین قادری ناظم دعوت مرکز منہاج القرآن لاہور اور دیگر قائدین نے خطاب کیا

تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف ضلعی دھرنا شہر والا پل اور لکٹر منڈی پل کے درمیان جی ٹی روڈ چیچہ وطنی پر جوش و خروش کے ساتھ دیا گیا جس میں چیچہ وطنی غازی آباد ساہیوال سٹی کسوال اور نوے موڑ سے تحریکی کارکنان نے اپنے مقاصد کا شعور رکھتے ہوئے پرعزم انداز میں شرکت کی۔ دوران دھرنا تحریکی نغمے اور قائد انقلاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات سنے جا تے رہے۔

اس موقع پر مرکز منہاج القرآن لاہور سے رانا محمدادریس حسین قادری ناظم دعوت مرکز منہاج القرآن، محمد حسین شاہین ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی اور تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی کے قائدین نے شرکت کی۔

شرکاء دھرنا سے رانا محمد ادریس قادری کرپٹ نظام کے خلاف پرمغز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شفاف الیکشن کے خلاف نہیں بلکہ اس کرپٹ ظالمانہ نظام کے خلاف ہیں جس نے عوام کو بدترین مہنگائی اور لوڈشیڈنگ دی۔ جب 65 سالوں سے موجودہ کرپٹ نظام عوام کے مسائل حل نہیں کر سکا تو آئندہ کیسے کرے گا۔ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ آج ہم ایسے پاکستان میں رہ رہے ہیں جو بانیان پاکستان حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے خواب اور قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے تصور سے بہت دور جا چکا ہے۔ پاکستان کے مفاد پرست کرپٹ سیاست دانوں نے 95 فیصد عوام کے وسائل پر کرپٹ جمہوریت کے نام پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم موجودہ کرپٹ نظام سیاست کو ختم کر کے حقیقی اسلامی فلاحی جمہوریت کا شفاف نظام لانا چاہتی ہے جس میں متناسب نمائندگی کے تحت جماعتوں کے منشور کی بنیاد پر انتخابات ہوں۔

دھرنے کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی کے لیے اللہ کے حضور دعا کلمات پیش کیے گئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top