بھکر: پاکستان عوامی تحریک اور ایم ایس ایم کے زیراہتمام سانحہ شکار پور کے خلاف احتجاجی ریلی

پاکستان عوامی تحریک اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ بھکر کے زیراہتمام بھکر میں شکارپور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ ریلی کا آغاز قصرِ زینب سے ہوا جبکہ اختتام محمدی چوک پر ہوا۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء دہشتگردی کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ ریلی میں تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین اور سماجی و صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کر کے اقتدار میں آنے والی خوفزدہ اور دوہرے معیار والی حکمران قیادت دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے شکارپور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ حکمرانوں کی نااہلی، غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار حکمران دہشت گرد ختم نہیں کر سکتے، یہ جب تک اقتدار پر مسلط رہیں گے بے گناہوں کا خون بہتا رہے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماڈل ٹاؤن دہشت گردی کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے اور 14 بے گناہوں کا خون بہانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، حکمران فوجی عدالتوں کے خلاف پراپیگنڈہ کروا رہے ہیں۔

انہوں نے شکارپور امام بارگاہ میں دہشت گردی کے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے ملک دہشت گردوں کے حوالے کر دیا گیا، دہشت گردی ختم نہ ہوئی تو ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ امریکہ اور یورپی ممالک نے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے انسانی حقوق تک معطل کر دیے مگر وہاں کوئی حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ، سول سوسائٹی یا آرگنائزیشن رکاوٹ نہیں بنی سب نے یکجا ہو کر دہشت گردی کا گلا گھونٹا، پاکستان میں ایسا کیوں ممکن نہیں؟ ریلی سے محمد جمعہ خان، صدیق جان، ضمیر مصطفوی اور شوکت مصطفوی نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سابق صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ جنوبی پنجاب محمد صدیق جان، ڈویژنل کوآرڈینیٹر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ضمیر مصطفوی، صوبائی رہنما راجہ ندیم، ضلعی رہنما پاکستان عوامی تحریک محمد جمعہ خان، ملک نذر عباس کہاوڑ، حکیم ارشد علی خان، عبدالرشید کھوکھر، رمضان قادری، شوکت مصطفوی، حکیم مشتاق، شیر زمان جوئیہ، عمر دین نصیروی، ثناء اللہ طاہری، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تحصیل بھکر رضوان گورچھہ، سینیئر نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محمد عدیل گھمن، عبدالمعید جوئیہ، عظمت شیر، افتخار احمد، فیضان قریشی، حسن محی الدین، اویس مغل، کاشف ملک، آغا فواد، نوید ظفر، سعید اشرف، سلیم رضا، وسیم عباس، آصف گورچھہ، ریحان ربانی، ندیم اختر، سجاد، عارف جوئیہ، عابد مصطفوی اور احسن رضا بھی موجود تھے۔ ریلی کے اختتام پر سانحہ شکار پور کے شہداء کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top