چکوال: منہاج القرآن ویمن لیگ کی ’ہادی عالم کانفرنس‘

منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کے زیراہتمام نوویں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم ’ہادی عالم کانفرنس‘ کے عنوان سے العصر میرج ہال چکوال میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر کر رہی تھیں۔ ہادی عالم کانفرنس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں شریک تھیں۔

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلام مجید سے ہوا جس کے بعد منہاج نعت کونسل چکوال اور منہاج نعت کونسل واہگہ ٹاؤن لاہور نے خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول پیش کیے۔ نقابت کے فرائض رافعہ عروج ملک نے سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کی سرپرست مسز عظمیٰ عروج ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی افنان بابر اور دیگر شریک خواتین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی کے باوجود کانفرنس میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت ان کی رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ چکوال کی صدر رافعہ عروج ملک، ان کی پوری ٹیم اور کارکنان کو مباکباد پیش کی۔

افنان بابر نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت کی کامیابیوں کو سمیٹا جا سکتا ہے۔ رسولِ خدا صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ ایسی روشن کتاب ہے جس کا ہر باب اپنے اندر ہزاروں نورانی اوراق سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ اسوہ حسنہ میلاد کا صدقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام ایک مقصد اور نظریہ کے تحت عمل میں لایا گیا۔ تحریک پاکستان میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ آج پھر پاکستان کو بچانے اور حقیقی تبدیلی کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان کو بچانے کیلئے میدان عمل میں نکل چکے ہیں۔ اب قوم کو ان کا دست و بازو بننا ہو گا۔

تبصرہ

Top