ڈنمارک: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محفل نعت

ماہ ربیع الاول کا چاند جیسے ہی طلوع ہوتا ہے کائنات کے ذرے ذرے پر بہار آجاتی ہے، عاشقان مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو جیسے سارا سال ہی ان پرنور ساعتوں کے منتظر رہتے ہیں۔ ربیع النور کا چاند دیکھ کر انکے لبوں پر درود وسلام کے پھول سج جاتے ہیں اور چہروں پر فرحت وانبساط کے آثار نمایاں ہوجاتے ہیں اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قرب پانے کے لئے دیوانے ذکر محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل سجاکر آمد محبوب کی خوشیاں مناتے ہیں۔

ہر سال کی طرح امسال بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلبی (ڈنمارک) نے عاشقان مصطفٰے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دلوں کی سیرابی کے لئے ایک فقید المثال محفل نعت کا اہتمام کیا۔ جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ خواتین نے بھی بھر پور شرکت کی۔ اس سالانہ محفل نعت میں خصوصی شرکت کے لئے دو بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں، سید خالد حسین شاہ کراچی پاکستان سے اور قاری عبدالقادر نوشاہی مانچسٹر انگلینڈ سے تشریف لائے جبکہ نقابت کے لئے شعیب ریاض اوڈنسے سے تشریف لائے۔ آیات بینات کی تلاوت کا شرف منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر مدرس قاری محمد ندیم اختر کے حصے میں آیا۔ جس کے بعد ڈنمارک کے مقامی نعت خوانوں، محمد جمیل قادری، سید حسین شاہ، حاجی عاشق حسین اور ارشد تارڑ نے نعت کے ہدیے پیش کئے۔

قاری عبدالقادر نوشاہی نے جب اپنی مسحورکن آواز میں بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مدح سرائی کی تو کیف وسرور کے باعث حاضرین اور سامعین بے خود تھے، ریڈیو اور ٹی وی آرٹسٹ سید خالد حسین شاہ نے اپنے مخصوص انداز میں نعت خوانی کی اور بعد ازاں سیدی شیخ الاسلام کی پسندیدہ نعت میں تو خود انکے در کا گدا ہوں پیش کی تو عجب سماں تھا اور پوری محفل اشکبار تھی۔ پروگرام کے اختتام پر میلاد پاک کی خوشی میں کیک کاٹا گیاجس کے بعد علامہ احسان الحق بیگ نے دعا فرمائی اور مہمان ضیافت میلاد سے لطف اندوز ہوئے۔

رپورٹ: قاری ظہیر احمد الازہری

تبصرہ

Top