ڈیرہ غازی خان: منہاج القرآن یوتھ لیگ و مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام میلاد مارچ

منہاج القرآن یوتھ لیگ و مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں عظیم الشان میلاد مارچ میں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کیا کہ آقا ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد کرتے ہیں اب ہم اس پاک دھرتی پر مصطفوی انقلاب کی سحر طلوع کر کے دم لیں گے۔ عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اب بیدار ہو گئے ہیں اب باطل نظام کے دن گنے جا چکے، ملک میں رائج کرپٹ، ظالمانہ اور غریب کش نطام کو سمندر برد کر دیا جائے گا۔ و ہ دن دور نہیں جب قوم ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں مصطفوی انقلاب کی منزل حاصل کرے گی، اور اس دھرتی پر مصطفوی انقلاب آ کے رہے گا۔

مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل نگران منہاج القرآن یوتھ لیگ عبدالحفیظ مزاری نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ و مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ امت مسلمہ کے نوجوانوں کے دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع کو جلا کر انکے سیرت وکردار کو وفاداری رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عملی مظہر بنانے کی عظیم جدوجہد میں کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مبارک اور پر کیف دن جہاں مسلمانوں کیلئے خوشی اور مسرت کا باعث ہے وہاں یہ تجدید عہد وفا کا دن بھی ہے۔ ہم عہد کریں کہ مادیت پرستی کے اس پر فتن دور میں فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے جشن ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منانے کے ساتھ ساتھ سیرت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی بطور نظام اپنی زندگیوں میں نا فذ کریں گے۔ اور بلاشبہ سیرت مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بطور نظام نافذ کرنا حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفاداری کا عملی ثبوت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عظیم قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں یہ پیغا م دینے آئے ہیں کہ ہم مصطفوی مشن کا جھنڈا لے کر اس وقت تک بر سر بیکار رہیں گے کہ جب تک ظلم، استحصال، باطل اور طاغوتی نظام کا خاتمہ نہ ہو جائے اور پاکستان دہشت گردی کے اذیت ناک دور سے نکل کر امن کا گہوارہ نہ بن جائے اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے پسے ہوئے لوگوں کو انکے حقوق نہ مل جائیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم اپنی زندگی کی آخری سانس تک اپنے عظیم قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں جدو جہد جاری رکھیں گے اور ان شاء اللہ یہ سال غریب کے مقدر کے سنورنے اور عظیم مصطفوی انقلاب کا سال ہوگا۔

فرقان احمد جنرل سیکرٹری منہاج القرآن یوتھ لیگ ڈیرہ غازیخان نے تمام شرکاء میلاد مارچ کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب پولیس اور انتظامیہ کے تعاون کو سراہا اور خصوصی شکریہ ادا کیا۔ میلاد مارچ دفتر تحریک منہاج القرآن سے شہر کی مختلف شاہرائوں سے ہوتا ہوا ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ کے دوران شرکا ء کے جذبات اور نظم و ضبط اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار قابل دید تھا۔ ڈیرہ غازیخان کے درو دیوار درود و سلام اور آقا کی آمد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ میلاد مارچ میں ڈاکٹر ساعد اختر بلوچ، زین العابدین، طارق رحیم، قاری رحمت اللہ، شاکر نور، ربنواز، عامر کریم، موسی بھٹی، حاجی عمر، غلام اکبر، سرادعبد الغفور، قاری سراج، شریف رضوی سعید مصطفوی، حنیف مصطفوی اور آفتاب بزدار کے علاوہ ہزاروں افراد بلخصوص طلباء اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ مارچ کے اختتام پر جمیل قادری صدر علماء کونسل نے پاکستان کی سلامتی و امن اور قائد انقلاب کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top