ڈیرہ غازیخان: حکمرانوں کی میگا کرپشن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا یوتھ مارچ

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام پانامہ لیکس رپورٹ میں حکمران خاندان کی میگا کرپشن کے خلاف یوتھ مارچ کا انعقاد مورخہ 24 اپریل 2016ء کو پریس کلب کے سامنے ہوا، جس میں یوتھ کے عہدیداران اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مارچ میں شریک نوجوان گو نواز گو، نواز شریف استعفیٰ دو اور کرپٹ حکمران نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔

یوتھ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس نے حکمران خاندان کو بے نقاب کردیا ہے، کرپشن کے واضح ثبوت منظر عام پر آچکے ہیں۔ معصوم صورت وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ بدترین معاشی دہشت گردی ہے۔ پانامہ لیکس کوئی مذاق نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے، جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ ان ثبوتوں سے نہ صرف دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی بلکہ وزیراعظم میاں نواز شریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں اور حکومت کرنے کے اہل بھی نہیں رہے۔ انہوں نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نوازشریف وزیراعظم کے عہدہ سے فوری طور پر مستعفی ہوکر اپنے آپ کو تحقیقات کیلئے پیش کریں، کیونکہ وزیراعظم کے منصب پر رہتے ہوئے پاکستان میں کسی بھی قسم کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قوم کمیشن کمیشن کے کھیل کو مزید برداشت نہیں کرسکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو ابھی تک پبلک نہیں کیا گیا، ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گرد حکمران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی تجوریاں بھرتی جارہی ہیں اور عوام بھوک سے بلک رہے ہیں، کسان بدترین استحصال کا شکار ہے، گندم کی قیمتوں میں اضافے کی ہر آواز صدا بصحرا ثابت ہورہی ہے، مگر اب حکمرانوں کا یوم احتساب قریب ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں جلد انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔

تبصرہ

Top