گجرات: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

تحریک منہاج القرآن گجرات سٹی کی نظامت ویلفیئر کے زیراہتمام یتیم اور مستحق بچیوں کی اجتمائی شادیوں کی عظیم الشان تقریب 31 اکتوبر بروز جمعرات بوقت دوپہر بمقام قندفشان میرج ہال میں منعقد کی گئی، جس میں مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری القراء اور ٹی وی کے معروف قاری قاری اللہ بخش تقشبندی نے حاصل کی، بعد ازاں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ اس موقع پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، قاری اللہ بخش نقشبندی، علامہ سید فرحت حسین شاہ، پروفیسر عمر ریاض عباسی اور یورپ سے خصوصی طور پر حاجی ارشد جاوید وڑائچ (اٹلی)، الحاج محمد افضل انصاری (ناروے)، چوہدری ظفر (فرانس)، علامہ احمد رضا (ہالینڈ)، محمد حسین (سپین)، ندیم آفتاب (سعودی عرب)، محمد آصف ( ڈنمارک)اور محمد شعبان ڈار (اٹلی) تشریف لائے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اسلامک ویلفیئر سٹیٹ بنانے کے لیے جو منشور دیا تھا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اس منشور کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم کے اس نظام میں والدین اپنی بچیوں کی شادی کرنے سے قاصر ہیں۔ معاشرے کے اس طبقے کی مدد کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کیا، تا کہ معاشرے کی غریب اور مستحق بچیوں کو باوقار طریقے سے رخصت کر کے ان کے گھروں کو آباد کیا جاسکے۔

مفتی اعظم پاکستان مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نکاح ایسا عقد ہے جو آدمی کے ایمان کی حفاظت کا سبب بنتا ہے اور خاندان کا وجود عمل میں آتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے ذریعے اجتماعی شادیوں کی کاوش ایک احسن قدم ہے جو کئی گھرانوں کی خوشیوں کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے منہاج ویلیفیئر فاؤنڈیشن گجرات کو اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔

 

تقریب میں ضلع بھر سے تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، یوتھ لیگ اور MSM کے عہدیداران، کارکنان ورفقاء نے بھرپور شرکت کی جبکہ دولہا اور دولہن کی جانب سے 40 افراد مشترکہ طور پر بلائے گئے نیز شہر بھر کی معروف کاروباری، سماجی، مذہبی اور سیاسی شخصیات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اختتام پر اللہ کے حضور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گی۔

 

تبصرہ

Top