ہانگ کانگ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام محافل میلاد کا انعقاد

حسب معمول امسال بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام ماہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شایان شان طریقے سے منایا گیا۔استقبال ربیع الاول کے حوالہ سے عظیم الشان محافل میلاد کا انعقاد منہاج القرآن ہانگ کانگ کا منفرد اعزاز ہے۔

مورخہ 12 جنوری 2013ء بروز ہفتہ کمیونٹی ہال جامع مسجد کولون میں عظیم الشان محفل نعت منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں پاکستانی و انڈین کمیونٹی نے شرکت کی۔محفل کا آغاز کولون مسجد کے سینئر امام شعیب النوح کی تلاوت سے ہوا،ثناخوان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خوبصورت اندازمیں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ حافظ احمد جمال ناصر نے نعت کی اہمیت اور حافظ محمد نسیم نقشبندی نے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا۔چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز سعید الدین، صدر پاکستان ایسوسی ایشن قمر زمان منہاس، مفتی محمدارشداور محمد سکندر باچہ نے خصوصی شرکت کی۔ قرعہ اندازی کے ذریعے حافظ محمد ذوالفقار کو عمرہ ٹکٹ دیا گیا۔ حافظ تنویر شاہ اور حافظ طیب شمیم نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔

دوسرا پروگرام مورخہ 19 جنوری 2013 بروز ہفتہ منہاج القرآن ہانگ کانگ کی سن پوکونگ برانچ کے زیر اہتمام ایک کمیونٹی ہال میں منعقد ہوا جس میں لوگوں کی کثیر تعدا دنے شرکت کی۔ محفل میں خالد محمود، حاجی سرور، حافظ ذوالفقار، آصف محمود، آفتاب حسین، فدا حسین اور غلام مصطفی نے خصوصی شرکت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردارا دا کیا۔ مورخہ 23 جنوری بروز بدھ کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ میں تیسرا پروگرام منعقد ہوا۔ چونکہ یہ گیارہ اور بارہ ربیع الاول کی درمیانی شب کا پروگرام تھا لہذا اس میں لوگوں کی بہت بڑی تعدا دنے شرکت کی۔ پروگرامیں علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے سورۃ الضحیٰ کی روشنی میں خصوصی خطاب کیا۔ پروگرام میں چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز سعید الدین اور قمر الزمان منہاس نے خصوصی شرکت کی۔

چوتھا پروگرام تائی وائی کمیونٹی ہال میںمنعقد ہوا، رانا تنویر اور محمد شاہد نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ قاری قدرت اللہ سلطانی اور قاری صابر حسین صابری نے خصوصی نعت پیش کی۔ علامہ احمد جمال ناصر اور حافظ محمد نسیم نقشبندی نے خصوصی خطاب کیا جبکہ حافظ تنویر حسین شاہ اور حافظ طیب شمیم نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ تمام محافل میں ضیافت میلاد سے شرکاء کی تواضع کی جاتی رہی۔

رپورٹ:حافظ محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

Top