اٹلی: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا ’جمہوریت اور آج کا پاکستان‘ کانفرنس سے خطاب

مورخہ: 22 جون 2013ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام 22 جون 2013ء بروز ہفتہ اٹلی کے شہر کارپی میں ’جمہوریت اور آج کا پاکستان‘ کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں خصوصی شرکت صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ اس کانفرنس میں اٹالین مہمانوں کے علاوہ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محفوظ نے حاصل کی، جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت کی سعادت عمر بلال اور دیگر ثنا خوانوں نے حاصل کی، نقابت کے فرائض علامہ سید غلام مصطفی مشہدی نے سر انجام دئیے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جمہوریت کا نقشہ کھینچتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ہر چیز پر اشرافیہ کا قبضہ ہے، جو سب سے بڑا ڈاکو ہے وہی اہم عہدوں پر فائز ہو جاتا ہے اور جو سب سے بڑا قاتل ہو اس کو اتنا ہی بڑا عہدہ دے دیا جاتا ہے، اسی طرح پاکستان کے ہر شعبہ پر ایک ظالم، ایک ڈاکو اور ایک قاتل بٹھا دیا گیا ہے، جو غریبوں کی عزتیں جانیں اور مال کھا رہے ہیں اور اسلام کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے میثاق مدینہ کے آرٹیکلز کی روشنی میں بتایا کہ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تمام مذاہب جو مدینہ کے گرد و نواح میں آباد تھے ان کے ساتھ امن کے معاہدے کیے، یہاں تک کہ مدینہ کے یہودیوں کو بھی وہی حقوق حاصل تھے جو ایک مسلمان کو حاصل تھے، انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ یہودیوں کا ایک قافلہ مدینہ میں آیا تو ان کی عبادت کا وقت ہو گیا تو ان کو مسجد نبوی میں عبادت کی اجازت دی گئی۔

ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کہا کہ اگر انسانی حقوق کی بات کی جائے تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں ایک نابینا یہودی بھیک مانگ رہا تھا، آپ نے اس سے بھیک مانگنے کی وجہ پوچھی تو اس نے کہا کہ میرے پاس جزیہ دینے کے لیے کچھ نہیں اس لیے بھیک مانگ کر ادا کرتا ہوں، آپ رضی اللہ عنہ نے اسی وقت حکم جاری کیا کہ کسی نابینا اور بزرگ سے کوئی جزیہ نہیں لیا جائے گا، بلکہ بوڑھوں اور اپاہج افراد کی کفالت اسلامی حکومت کرے گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے خطاب کے بعد اٹالین مہمانوں سمیت حاضرین نے خوشی و مسرت اور حیرت کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اس بات کا اظہار کیا کہ اسلام میں اتنی وسعت ہے اور اسلام انسانوں کے علاوہ جانوروں اور درختوں کے حقوق کی بھی حفاظت کرتا ہے، اپنے تاثرات میں انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بیداری شعور کے ذریعے انسانیت میں علم بانٹ رہا ہے۔

کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی دعا کی

رپورٹ : وقاص بٹ

تبصرہ

Top