رانا محمد عامر کیطرف سے منہاج القرآن جاپان اور مرکز لاہور سے تشریف لانیوالے حفاظ کے اعزاز میں گرینڈ ڈنر

پاکستان پیپلز پارٹی (جاپان) کے نائب صدر رانا محمد عامر نے منہاج القرآن انٹرنیشنل (جاپان) کی طرف سے بلائے جانے والے حفاظ قاری محمد جمیل شاہد، علامہ حافظ محمد طیب اور محمد عاکف کے اعزاز میں مورخہ 18جولائی2012ء کو گرینڈ ڈنر کا اہتمام کیا۔

علامہ محمد شکیل ثانی (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین) اور محمد انعام الحق(صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن ) کی قیادت میں قافلہ سائتاماکین نیو ہارٹ مصالحہ پہنچا تو ان کا شاندار استقبال کیاگیا۔ تعارفی نشست کے بعد گوشہ درود میں پڑھے جانے والے درود پا ک کا ورد کرایاگیا۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الحمد للہ اس سال منہاج القرآن 6 مقامات پر قران پاک سنانے کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔تحریک منہاج القرآن پر اللہ کا خاص فضل وکرم اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کا تصدق ہے کہ رمضان المبارک میں نماز تراویح کے سب سے بڑے اجتماع اباراکی کین کی مسجد المصطفیٰ اور ناگویا کے مرکز المصطفیٰ پر ہوں گے۔

اباراکی کین میں حافظ محمد جمیل شاہد جوپچھلے 16 سال سے تحفیظ القرآن کالج میں حفظ کروارہے ہیں اور سو کے لگ بھگ بچوں کو حفظ کروانے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں، علامہ حافظ محمد طیب منہاج یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں ایم اے عربی اوراسلامیات ہیں، انتہائی خوبصورت آواز کے مالک ہیں اور مرکز پر نظامت تربیت میں نائب ناظم کی خدمات دے رہے ہیں، وہ ناگویا میں آؤ دین سکیھیں کورس بھی کروائیں گے۔ جبکہ حافظ محمد عاکف ابھی منہاج یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں اور دوسال پہلے بھی جاپان میں قرآن پاک سنا چکے ہیں۔علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ محمد انعام الحق اور ان کی پوری ٹیم محمد ایاز، محمد عمران بیگ، محمد فیصل ملک، محمد حنیف مغل، شمشا خان، اشفاق خان، امانت گوندل، صداقت علی کو ان سارے انتظامات پر بہت بہت مبارک ہو۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے کہا کہ یہ سب فیضا ن ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیاد ت کا جو دن رات مصطفویٰ مشن کے فروغ کے لئے کوشاں ہے، جاپا ن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس طرح عظیم الشان طریقے سے قرآن پاک سنایا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی جاپان کے نائب صدر رانا محمد عامر نے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں منہاج القرآن جاپان کی انتظامیہ کے کہ انہوں نے وقت دیا اور ہماری حوصلہ افزائی کی۔ اختتام پرعلامہ محمد شکیل ثانی نے دعافرمائی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top