جھنگ: منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلع جھنگ میں مختلف مقامات پر تنظیمی و تربیتی ورکشاپس

مورخہ: 03 مئی 2016ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نظامت تربیت نے 13 اپریل سے 10 مئی 2016 تک مختلف اضلاع میں کارکنان کے لیے تربیتی کنونشنز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع جھنگ کے زیراہتمام 03 مئی 2016 کو جھنگ، احمدپور سیال، موچیوالہ، منڈی شاہ جیونہ اور شور کوٹ میں تنظیمی و تربیتی ورکشاپس کا انعقاد ہوا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس نے ’اطاعتِ امیر‘ اور منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری نے ’منہاج القرآن ویمن لیگ کا دعوتی و تنظیمی منصوبہ‘ کے موضوع پر تربیتی لیکچرز دیئے۔ کنونشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع جھنگ کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مختلف مقامات پر ورکشاپس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن، آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پیغام ہے اور غلامئی رسول کے کچھ تقاضے ہیں جن کو پورا کرنا ضروری ہے۔ بلاشبہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ پاک نے اپنے دین کی خدمت کے لیے ہمیں شیخ الاسلام کی ولولہ انگیز قیادت میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے عظیم پلیٹ فارم سے کام کرنے کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احیائے اسلام کی اس عظیم اور عالمگیر تحریک اور اجتماعیت کا حصہ بننا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ نئے رفقاء کو تحریک میں شامل کرنے کے بعد ہمارا طرز عمل ایسا ہونا چاہیے جو نئے رفقاء کو احساس دلائے کہ وہ ایک عظیم اخوت کا حصہ بن گئے ہیں۔ لیکچرز کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔ شرکاء نے ورکشاپس میں بھرپور دلچسبی کا مظاہرہ کیا۔

تبصرہ

Top