کراچی: منہاج القرآن ویمن لیگ کی ’ثانئ زہرا‘ کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام خواہرِ امام حسین علیہ السلام اور عقیلۂ بنی ہاشم سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت پر ’ثانئ زہرا‘ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین خواتین کا کہنا تھا کہ سیدہ زینب علیھا السلام نے اپنی زندگی کے مختلف مراحل پر رونماء ہونے والے معاشرتی تغیرات دیکھے تھے، آپ نے دور جاہلیت کی قومی عصبیت اور نسلی افتخارات کے دوبارہ زندہ ہونے علی الاعلان اسلامی احکامات کو پامال ہوتے دیکھا تو آپ اسلامی اصولوں کی برتری کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار ہوگئیں۔ یہی وجہ ہے کہ آپ اسلامی اقدار کی حفاظت کے لئے امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے واقعۂ کربلا میں اپنی بےمثال شرکت کے ذریعے حق کی سربلندی کی خاطر کیے جانے والے سب سے عظیم جہاد اور اس کے نتیجے رونما ہونے والے انقلاب کو رہتی دنیا کے لئےجاوداں بنادیا۔ دربارِ یزید میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے خطبوں نے یزید کے ظالمانہ نظام کا چہرہ بےنقاب کر کے ابتدائی مراحل میں ہی نواسۂ رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قاتلوں کی مہم کو ناکام و نامراد کردیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرتی بگاڑ کے خاتمے کے لیے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت پر عمل پیرا ہوا جائے۔

تبصرہ

Top