کراچی: پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کی مزار قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی

مورخہ: 14 اگست 2018ء

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام پاکستان کے 71ویں یوم آزادی قومی و ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے مزار قائد پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کی جانب سے لیاقت آباد تا مزار قائد جیوے پاکستان ریلی نکالی گئی، مختلف علاقوں میں مفت قومی پرچم تقسیم کئے گئے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی مشتاق صدیقی، جنرل سیکرٹری رائو کامران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یوم آزادی یوم تجدید عہد وفا، اتحاد و یکجہتی اور ایثار و قربانی کا دن ہے، آزادی ایک عظیم نعمت ہے اس کی قدر کرنا ہو گی۔ آج نسل نو کو بتانا ہو گا پاکستان ہمیں تحفے میں نہیں ملا بلکہ اس کے قیام کیلئے بیس لاکھ لوگوں نے جانیں دیں ہیں اور کروڑوں لوگوں نے گھر بار لٹائے ہیں۔

انہوں نے کہا بد قسمتی سے آج ہم قیام پاکستان کے مقاصد سے کوسوں دور کھڑے ہیں جس کے ذمہ دار کرپٹ اور مفاد پرست حکمران ہیں۔ آج یوم آزادی کے موقع پر عہد کرنا ہو گا ہم ایک قوم تھے ہیں اور رہیں گے ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اقبال کے خواب اور قائد کے امنگوں کے مطابق وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کریں گے اور وطن عزیز سے گروہی، لسانی، مذہبی، صوبائی تعصبات کا خاتمہ کرتے ہوئے ملک کی سرحدوں اور اندرونی، بیرونی دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا آج کا پاکستان قائد اور اقبال کے خوابوں سے کوسوں دور کھڑا ہے۔ پاکستان قیامت تک قائم رہنے کیلئے بنا ہے۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء قیصر اقبال قادری، سید ظفر اقبال، اطہر جاوید صدیقی، عطاء الرحمان ہاشمی، نوید عالم، خان محمد بلوچ، عدنان رئوف انقلابی، بشیر خان مروت و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

رپورٹ: الیاس مغل (سیکرٹری انفارمیشن پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ)

تبصرہ

Top