کراچی: پرامن پاکستان کیلئے قومی وسائل تعلیم پر خرچ کرنا ہوں گے: خرم نواز گنڈاپور کا ”تجدید عہدِ وفا“ سیمینار سے خطاب

minhaj ul quran

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کراچی تنظیم کے زیراہتمام منعقدہ ”تجدید عہد وفا”سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پرامن اور خوشحال سوسائٹی بنانے کے لئے ساری توجہ اور وسائل بامقصد تعلیم کی فراہمی پر خرچ کرنا ہوں گے۔ تحریک منہاج القرآن اس دینی اور قومی تقاضے کو پورا کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں سے وابستہ طلباء و طالبات کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

”تجدید عہد وفا“ سیمینار سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، صدر کراچی نعیم انصاری، ناظم کراچی مرزا جنید علی، مسعود عثمانی، خواجہ عامر نے بھی اظہار خیال کیا۔ نقابت کے فرائض فاروق شیخ نے انجام دئیے۔ سیمینار میں کراچی کے زونل، ٹاؤنز، یونین کونسلز اور یونٹس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ قاضی زاہد حسین نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کو کراچی میں خوش آمدید کہا۔

خرم نواز گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن موجودہ اور آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت، عقائد صحیحہ کے تحفظ اور اسلام کی ترویج و اشاعت کی عالمگیر تحریک ہے۔ 40 سال کے مختصر عرصہ میں منہاج القرآن نے انتہا پسندی کے خاتمے اور فروغ امن کے حوالے سے جو کردار ادا کیا اس کے اپنے اور پرائے سبھی معترف ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 40 سال قبل اقامت دین، اصلاح احوال اور خدمت خلق کے جس مشن کی بنیاد رکھی تھی آج وہ مشن پاکستان سمیت پوری دنیا میں موجود ہے۔ الحمدللہ ہر گزرتے دن کے ساتھ منہاج القرآن کا تعلیمی و تربیتی کردار بڑھ رہا ہے۔ حال ہی میں نظام المدارس پاکستان کے نام سے بورڈ کا درجہ حاصل ہوا تو ہفتوں اور مہینوں میں نظام المدارس پاکستان کے ساتھ وابستہ ہونے والے مدارس کی تعداد 14سو سے تجاوز کر چکی ہے۔

منہاج القرآن اور بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن کو ہمیشہ یہ اعزاز حاصل رہے گا کہ انہوں نے پونے تین سو سال پرانے مدارس دینیہ کے نصاب پر نظر ثانی کی اور دینی نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔ نظام المدارس پاکستان نے مدرسین کے لئے پہلی بار جدید تعلیمی ٹریننگز کا اہتمام کیا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ان کاوشوں کے نتیجے میں مدارس دینیہ کا وقار اور تعلیمی معیار بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 22 فروری سے نظام المدارس پاکستان بڑے پیمانے پر امتحانی سرگرمی منعقد کرنے جارہا ہے۔ مسلمہ سٹینڈرڈز کے مطابق یہ امتحانات ہوں گے۔ نظام المدارس پاکستان پر دینی حلقوں اور دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کا اعتماد بڑھ رہا ہے جو ہمارے لئے اعزاز اور حوصلے کا باعث ہے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے شرکائے سیمینار کو بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم پر لاہور میں ایک بین الاقوامی معیار کا آرفن سٹی قائم کرنے جارہے ہیں۔ بہت جلد اس بارے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تفصیل کے ساتھ گفتگو فرمائیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے تعلیم کے شعبے میں تحریک منہاج القرآن کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، منہاج ویمن کالج، تحفظ القرآن انسٹی ٹیوٹ، آغوش گرائمر سکول، لارل ہوم سکولز اور منہاج یونیورسٹی لاہور فروغ علم کے لئے قابل فخر دینی و قومی خدمت انجام دے رہے ہیں اور تمام اداروں کو ان کے بہترین معیار تعلیم کے باعث بھرپور عوامی توجہ مل رہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top