پتوکی: 5 روزہ دروس عرفان القرآن - پانچواں روز

اللہ تعالیٰ نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مختار کل بنایا ہے۔ علامہ محمد لطیف مدنی
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشادگرامی ہے کہ بے شک اللہ عطا کرنے والاہے اور میں (محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تقسیم کرنے والا ہوں
تحریک منہاج القرآن تحصیل پتوکی زیراہتمام ہونے والے دروس عرفان القرآن میں اجتماع سے خطاب

پتوکی (تحصیل رپورٹر) رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں تحریک منہاج القرآن پتوکی شہر میں تیسرا سالانہ 5 روزہ دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ اس کے بعد آقا علیہ الصلٰوۃ والسلام کے حضور ہدیہ نعت پیش کی۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد طارق نے ادا کئے۔ پروگرام شروع ہوتے ہی شہر کی سٹرکوں پر خواتین و حضرات کا سیلاب اُمڈ آیا اور چند منٹوں میں پورا پنڈال بھرگیا اور انتظامیہ کو اضافی انتظامات کرنا پڑے۔ آنے والے حاضرین کے لئے کرسیاں کم پڑگئیں لوگوں نے درس قرآن نیچے بچھائی گئی دریوں پربیٹھ کرسنا۔ پروگرام میں شہر کی معروف مذہبی، سماجی، سیاسی اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔ پروفیسر محمد انور (پرنسپل گورنمنٹ کالج پتوکی) ، پروفیسر نثار (لیکچرار کامرس کالج) ، فرخ رشید (ہیڈ ماسٹرگورنمنٹ اسلامیہ سکول) ، حضرت علامہ محمد بخش فریدی (صدرعلماء کونسل پتوکی) ، حکیم علی احمد ایڈووکیٹ (سینئر نائب صدر علماء کونسل) کے علاوہ دیگر مہمانوں نے خصوصی شرکت کی۔

دروس عرفان القرآن کی آخری نشت میں علامہ محمد لطیف مدنی نے اختیارات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پرگفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مختار کل بنا دیا ہے۔ مالک اُسے بنایا جاتا ہے جو آگے دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ جیسا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث ِمبارکہ ہے "اِنَّمَا اَنَا قَاسِمُ‘ وَاللّٰهُ يُعْطِیْ" بے شک اللہ تعالیٰ کی ذات عطا کرنے والی ہے اور میں (محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تقسیم کرنے والاہوں۔ اسی طرح حضور علیہ السلام نے پاکیزہ چیزوں کو حلال کر دیا اور نجس چیزوں کو حرام فرما دیا۔ یہ اختیاراتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہی کمال تھا کہ سونا (مردوں کو پہننا) حرام ہونے کے باوجود حضرت سراقہ رضی اللہ عنہ کے لئے حلال فرما دیا۔

انہوں نے کہا کہ حضور علیہ السلام کا تصرف آج بھی جاری وساری ہے، بات صر ف اپنے من کے اندر تبدیلی لانے کی ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے خزانہ سے آج بھی عطا فرما رہے ہیں جیسے حضرت امام بوسیری رحمۃ اللہ علیہ کو خواب کی حالت میں اپنے دست شفقت سے صحت یاب فرما دیا۔ لوگو! اپنے من کی دنیا کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سرشار کرلو، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا ذریعہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرکثرتِ درود و سلام ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے 2005ء میں گوشہء درود قائم کیا تھا جہاں پر کئی سالوں سے لوگ جوق درجوق بیٹھتے ہیں اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام پیش کرتے ہیں۔ میں درس قرآن میں آنے والے تمام حاضرین کواس گوشہء درود میں دس کیلئے آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

آخرمیں محمد ندیم مصطفائی (صدرتحریک) نے حاضرین قرعہ اندازی کے ذریعے 20عدد نسخے ترجمہ عرفان القرآن کے تقسیم کئے۔ آنے والے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام کے خطابات پر مشتمل سپیشل سی ڈیز بطور گفٹ پیش کیں۔ حضرت علامہ محمد لطیف مدنی نے پروگرام کے اختتام پر رقت انگیز خصوصی دعا کی۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ اورمصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوانوں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ پروگرام کو آرگنائز کرنے میں محمد ندیم مصطفائی، محبوب عالم بھٹی، میاں عبدالغفار، رانا محمد اشرف ایڈووکیٹ، محمد طیب افضل، محمد عبداللہ نوری القادری، ڈاکٹر محمد الیاس، تنویر حسین منا، ڈاکٹر محمد صادق، سیّد احمد فرخ شاہ، ماسٹر ذوالفقار، محمد اشرف، محسن جاوید، ڈاکٹر شاہ محمد، محمد اسلم قادری اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان سیّد سبطین شاہ، محمد نقاش قادری، مہر محمد شاہد، قاری ذیشان عطاری، حافظ عبدالجبار، محمد شہزاد خان، محمد عامر رضا، ڈاکٹر محمد اکبر، محمد زبیر، محمد زاہد قادری اور دیگر کارکنان نے اہم کردار ادا کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے راحیلہ رزاق، شمیم یحییٰ، نسیم گل اور دیگرتحریکی خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ: تنویر حسین منا

تبصرہ

Top