منہاج ویمن لیگ کی تین روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ

مورخہ: 27 مارچ 2016ء

منہاج القرآن ویمن لیگ نے منہاج تربیت اکیڈمی میں 25 تا 27 مارچ 2016 کو تین روزہ تنظیمی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا جس میں وسطی، جنوبی اور شمالی پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخواہ، گلگت اور بلوچستان کے اضلاع کی ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز کیمپ کی سربراہ تھیں، جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل افان بابر نائب سربراہ، منہاج القرآن ویمن لیگ جنوبی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری سیکرٹری، منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلہ الیاس ہیڈ آرگنائزر، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کی صدر زینب ارشاد ڈپٹی ہیڈ آرگنائزر، منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر کی سیکرٹری جنرل کلثوم قمر رجسٹریشن ہیڈ اور منہاج القرآن ویمن لیگ امن فورم کی کوآرڈینیٹر کلثوم طفیل پرنٹنگ اینڈ پبلشنگ ہیڈ کی ذمہ داریاں ادا کر رہی تھیں۔

25 مارچ کو تربیتی کیمپ کا آغاز تلاوت کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظہ ایمن یوسف نے حاصل کی، جبکہ ثانیہ اکبر نے نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل افنان بابر نے تعارفی سیشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران کا تعارف پیش کیا، جس کے بعد مختلف اضلاع سے شریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی صدور نے اپنی تنظیمات کا تعارف کروایا اور اپنے علاقہ میں تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ 2 گھنٹے پر محیط اس سیشن میں انقلاب مارچ اور دھرنے کے بعد پیش آنے والی تنظیمی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔

کیمپ کے دوسے دن کا آغاز افنان بابر کے تربیتی لیکچر سے ہوا، جس میں انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی گذشتہ اور موجودہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا اور مستقبل کے لیے نیا تنظیمی ڈھانچہ پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو نئی ذونل، ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل لیول کی تنظیم سازی سے متعارف کروایا۔ مرکزی صدر فرح ناز نے ’دورِ حاضر میں قیادت کا تصور‘ کے پر لیکچر دیا جس میں انہوں ملٹی میڈیا پر (Rebirth of an Eagle) کی ڈاکومینٹری دکھا کر انقلابیوں کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ چائے کے وقفے کے بعد کلثوم طفیل نے ’ضربِ امن دستخطی مہم‘ سے متعلق بریفنگ دی۔ نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن تنویر احمد خان نے ’دعوتی تنظیمی منصوبہ‘ کے عنوان سے لیکچر دیا جس میں انہوں نے رفیق کو متحرک کارکن میں بدلنے کا طریقہ پیش کیا۔

کیمپ کے تیسرے اور آخری دن منہاج ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشر نے شرکاء کو ’تزکیہ نفس‘ پروگرام سے متعارف کروایا۔ مرکزی ناظمِ تربیت تحریک منہاج القرآن غلام مرتضیٰ علوی نے ’ردِ اعتراضات‘ کے عنوان سے لیکچر دیا جس میں انہوں نے فیلڈ میں کام کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ اختتام پر ذونل اور ضلعی عہدیداران نے تنظیمی اہداف کو پورا کرنے کا طریقہ کار طے کیا۔

کیمپ کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے شرکاء سے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ایمان داری سے مصطفوی مشن کی خدمت کا عہد لیا۔

تبصرہ

Top