مظفر آباد: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 107 نادار اور مستحق طلبہ میں نصابی کتب کی مفت تقسیم

ریاست کے بچوں کو مفت تعلیم، صحت، روزگار اور تحفظ کی فراہمی حکومتوں کی ذمہ داری ہے اگر لوگ اپنے طور پر بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرتے ہیں تو یہ ان لوگوں کا حکومتوں پر احسان عظیم ہے۔اس نیکی کا صلہ سوائے رب العالمین کے اور کوئی نہیں دے سکتا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے مرکزی زونل ناظم ظفر اقبال طاہر نے مرکزی ایوان صحافت مظفر آباد میں 107 نادار اور مستحق طلبہ میں مفت نصابی کتب تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مظفرآباد کے زیر انتظام شہر اور اطراف کے 107 نادار اور مستحق طلبہ میں مفت نصابی کتب تقسیم کی گئیں۔

شرکاء تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن تحصیل مظفر آباد کے ناظم فیصل جمیل کاشمیری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن گزشتہ تین برس سے مظفر آباد کے مستحق اور نادار طلبہ کو کتب فراہم کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں اس پلیٹ فارم سے نادار طلبہ کو کتب کی فراہمی کا یہ سلسلہ پورے آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں سالہا سال سے جاری ہے۔ انہوں نے شرکاء تقریب کو بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور میں دو ہزار کنال اراضی پر ایک جدید اور وسیع و عریض ایجوکیشن سٹی بھی تعمیر کر رہی ہے جس میں مظفر آباد بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ تقسیم کتب کی تقریب میں طلبہ اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے زونل ناظم ظفراقبال طاہر، تحریک منہاج القرآن آزاد کشمیر کے نائب امیر علامہ محمد اسحاق نقوی، پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر لطف الرحمان، تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالرزاق خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر عبدالمجید بانڈے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قاضی محمد سعید، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے صدر صدیق حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top