لودھراں میں دروس عرفان القرآن کی پانچویں نشست

مورخہ: 27 اگست 2010ء

شجر ایمان کی جڑ عقیدہ ختم نبوت ہے۔ عقیدہ ختم نبوت وہ بنیاد ہے جس پر قصر ایمان قائم ہے۔ اگر اس بنیاد کو نکال لیا جائے تو قصر ایمان دھڑام سے گر جاتا ہے۔ لہذا اوائل دور اسلام سے ہی اس عقیدہ پر حملے بھی ہوتے رہے اور عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر دور میں ان حملوں کو پسپا کرتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے ہفت روزہ دروس عرفان القرآن کی پانچویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ قادیانیت آج بھی امت مسلمہ کے نوجوانوں کے ایمان پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔ سادہ لوح مسلمانوں کو نت نئے ہتھ کنڈوں کے ذریعے قادیانیت کی طرف ورغلایا جا رہا ہے مگر بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فتنہ قادیانیت کو عہد حاضر میں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے اسلام کی چودہ سو سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قرآن و حدیث سے استدلال کرتے ہوئے اپنی تحریر و تقریر کا اتنا بڑا ذخیرہ امت مسلمہ کو عطا کر دیا ہے کہ اس سے استفادہ کر لینے کے بعد دولت ایمان کی حفاظت یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی استعمار کی چھتری تلے اگنے والے فتنہ قادیانیت کو بے نقاب کرنا آج کی ضرورت ہے۔ ہر مومن مسلمان کا فرض ہے کہ اپنی نوجوا ن نسل کو فتنہ قادیانیت سے بچائے۔ تحریک منہاج القرآن کے صدر ملک اسلم حماد ، ناظم رانا محمد ظاہر، چوہدری عبدالغفار سنبل، اظہر لنگاہ ایڈووکیٹ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے جوانوں نے لاجواب انتظامات کیے۔ ہزاروں خواتین و حضرات نے علی الصبح درس قرآن میں شرکت کی۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top