سید والا میں 30 ویں منہاج ایمبولینس سروس کا افتتاح

مورخہ: 07 مئی 2011ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید والا کے زیراہتمام 7 مئی 2011 کو سید والا شہر میں ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن پنجاب کے نائب امیر بشیر خان لودھی نے کی جبکہ فیصل آباد ڈویژن کے ناظم انجینئر رفیق نجم نے بھی افتتاحی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

ایمبولینس سروس میں معاونت کرنے والے ادارے صراط مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ، ولی پیٹرولیم، دستگیر پیٹرولیم کے آرگنائزرز کے علاوہ مخیر حضرات چوہدری عبدالمجید، چوہدری محمد اشرف، رائے محمد کھرل، بشیر حسین کرسٹل ایسوسی ایٹ نے بھی شرکت کی۔ صدر تحریک سید والا محمد بشیر قادری، ناظم چوہدری محمد صابر، ناظم ویلفیئر عمر حیات، ماسٹر منظور، محمد حنیف ڈوگر، محمد بشیر، رائے محمد اقدس اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ جس کے بعد درود و سلام پیش کیا گیا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے پاکستان کے 30 ویں شہر میں ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ سید والا سے پہلے ملک کے 29 شہروں میں منہاج ایمبولینس سروس کامیابی سے چل رہی ہے۔ جس میں مستحق لوگوں کو مفت سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کی واحد فلاحی تنظیم ہے جس نے شہروں کے بجائے مضافاتی اور دیہی علاقوں میں ایمبولینس سروس کا آغاز کیا ہے ۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر نگرانی کام کر رہے ہیں۔ مستقبل میں ان منصوبہ جات میں مزید توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 630 تعلیمی اداروں میں ایک لاکھ 40 ہزار طلبہ و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔

تقریب میں بشیر خان لودھی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے۔ منہا ج ویلفیئر فاؤنڈیشن تعلیم، صحت، فلاح عام کے منصوبہ جات پر عمل کر رہی ہے۔ فلاح و بہبود کے میدان میں ہمیں منہاج ویلفیئر فاونڈیشن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہوگا۔ اس سلسلے میں مخیر حضرات آگے بڑھیں اور ان منصوبہ جات میں حصہ لیں۔

انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے بندوں کو منتخب کرتا ہے۔ دین محض نماز، روزے اور فرض و نفلی عبادت کا نام نہیں، بلکہ انسانیت کی خدمت ہی اصل خدمت ہے۔ سید والا میں منہاج ایمبولینس سروس سے غریب طبقے کو فائدہ ہوگا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض حق نواز اعوان نے سرانجام دیے، پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top