منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی 2011ء کی ابتدائی رپورٹ

ہر سال کی طرح امسال بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت پورے ملک میں اجتماعی قربانی کیلئے بڑے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں جو مکمل ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی قربان گاہ کے وزٹ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربانی میں دنیا بھر سے لوگوں نے حصہ لیا ہے۔ خریداری کمیٹی نے جانوروں کی خریداری کا کام مکمل کر لیا ہے، جو ہزاروں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سندھ میں 80 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، وہاں درجنوں مقامات پر اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پورے ملک میں 300 مقامات پر اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے اور چرمہائے قربانی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی مقامی سطح پر کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں افریقہ کے مختلف ممالک میں بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی کی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر ویلفیئر افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ کھالوں کی آمدن تعلیمی و فلاحی منصوبہ جات کے لیے مختص کی گئی ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت کا ادارہ آغوش جس کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے اور بچوں کے ایڈمشن بھی ہو رہے ہیں اس کے علاوہ کراچی میں بھی یتیم بچوں کا ادارہ آغوش قائم کیا جا رہا ہے اور ملتان میں زیر تعمیر ہے اس کے لیے بھی آمدن کا کافی حصہ مختص کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بیت الزہرا کے نام سے 400 ذہین اور مستحق بچیوں کے لیے ایک ادارہ قائم کر رہی ہے۔ جس کے لیے چرمہائے قربانی سے حاصل ہونے والی آمدن کا 50 فیصد مختص کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر ویلفئیر نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرین کے علاوہ دیگر علاقہ جات میں مستحق اور سفید پوش افراد جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے ان کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے قربانی کے گوشت کا تحفہ پہنچانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ تاکہ یہ لوگ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

خریداری کمیٹی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ملک شمیم احمد نمبردار نے کہا کہ حسب سابق جانوروں کی خریداری کمیٹی نے ایک ماہ قبل صوبہ پنجاب کے مختلف علاقہ جات، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازیخان، ڈیرہ اسماعیل خان، لیہ، چوک اعظم، خوشاب وغیرہ کا وزٹ کیا اور خوبصورت، صحت مند جانور خریدے۔ انہوں نے بتایا کہ خریداری کے وقت جانوروں کی عمر اور صحت کا بالخصوص خیال رکھا گیا ہے۔

تبصرہ

Top