اجتماعی قربانی 2011ء۔۔۔۔ تفصیلی رپورٹ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سنت ا براہیمی کی پیروی کرتے ہوئے پورے ملک میں اجتماعی قربانی کے انتظامات وسیع پیمانے پر کئے گئے۔ اس سال 306 مقامات پر اجتماعی قربانی کی گئی اور سندھ سیلاب زدہ علاقوں میں 27 مقامات پر یہ فریضہ سرانجام دیا گیا جبکہ قربانی کا گوشت سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا گیا۔ لاہور میں 20 مقامات پر اجتماعی قربانی کی گئی، اس کے علاوہ لاہور مرکزی کیمپ میں اجتماعی قربانی کے وسیع انتظامات کیے گئے جہاں 3000 سے زائد جانوروں کی قربانی کی گئی جس میں گائے، بکرا، چھترا شامل تھے۔ اس اجتماعی قربانی کے انتظامات میں مرکزی کمیٹی سمیت 35 ذیلی کمیٹیوں نے حصہ لیا۔

مرکزی کیمپ میں اس سال مہنگائی کی وجہ سے 1500 سے زائد افراد نے اجتماعی قربانی میں اپنا حصہ ملایا جبکہ اندرون و بیرون ملک ہزارو ں افراد نے قربانی میں اپنا حصہ ملاتے ہوئے گوشت غرباء مساکین میں تقسیم کرنے کیلئے ڈونیٹ کیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری کے مطابق اس سال لاہور سمیت سندھ کے سیلاب متاثرین اور جنوبی پنجاب خیبر پختون خواہ اور بلوچستان میں بھی غرباء و مساکین کو گوشت فراہم کرنے کیلئے قربانی کے ہزاروں جانور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اپنی تنظیمات کو فراہم کےئے تھے۔

لاہور سمیت پورے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کیلئے قائدین اور کارکنوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی تھیں جنہوں نے قربانی کا گوشت غریب آبادیوں میں جاکر لوگوں کے گھروں میں تقسیم کیا۔ غریب و مستحق افراد کو شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے عید کی مبارکباد پیش کی گئی اور عید پر گوشت کا تحفہ پیش کیا گیا جس پر عامۃ الناس نے بڑی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اس سال پورے ملک میں 75 ہزار خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت خواتین کمیٹی نے عیدالضحیٰ کے پر مسرت موقع پر یتیم بچوں اور بچیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے آغوش اور دارالامان کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر بچوں اور بچیوں کو عید کے تحائف تقسیم کیے اور ان کے لیے عید ضیافت کا بھی اہتمام کیا بچوں میں رسہ کشی اور آئس کریم کھانے کا بھی مقابلہ کرایا گیا جس سے بچے بڑے خوش ہوئے۔

گلاب دیوی ہسپتال میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے 15عدد گائے کا گوشت بھی مریضوں کیلئے بھجوایا اس کے علاوہ 15 سے زائد مدرسوں میں بھی گوشت تقسیم کیا گیا۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ اس سال منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے پورے ملک میں 2 لاکھ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کا ہدف رکھا تھا۔ اور یہ بات حوصلہ مند اور قابل لائق صد افتخار ہے کہ پورے ملک میں سے اس سال ایک لاکھ 70 ہزار کھالیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو دی گئیں۔

افتخار شاہ بخاری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو کھالیں عطیہ کرنے پر عامۃ الناس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے کہ گذشتہ سالوں کی نسبت اس سال کھالوں کے ٹارگٹ میں 50 فیصداضافہ ہوا ہے۔

افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کیلئے تحصیلی سطح پر کھالوں کی آمدن کو مختص کیا گیا ہے جبکہ مرکزی سطح پر حاصل ہونے والی آمدنی کو 50 فیصد 500 یتیم و بے سہارا بچوں کے ادارہ آغوش میں کفالت کیلئے مختص کیا گیا ہے اور 50 فیصد 400 ذہین و مستحق غریب طالبات کیلئے زیر تعمیر ادارہ بیت الزھراء کیلئے مختص کی گئی ہے۔ افتخار شاہ بخاری نے قربانی مہم 2011ء میں شاندار اہداف حاصل کرنے پر کارکنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

تبصرہ

Top