حلقہ عرفان القرآن راولپنڈی کی سالگرہ

مورخہ: 04 جون 2006ء
تجدید و احیائے دین کی عالمی تحریک منہاج القرآن کی طرف سے انعقاد پذیر ملک گیر حلقہ ہائے عرفان القرآن کا سلسلہ انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس سلسلے کا ایک کامیاب پروگرام راولپنڈی کینٹ اور سٹی کی تنظیمات کے اشتراک سے ہمدرد ہال راولپنڈی میں گزشتہ ایک برس سے منعقد ہو رہا ہے۔ جس میں عظیم سکالر فاضل منہاج القرآن یونیورسٹی پروفیسر ارشاد حسین سعیدی صاحب قرآنی افکار کے ذریعے سینکڑوں تشنگان علم کی پیاس بجھا رہے ہیں۔

گذشتہ روز اس حلقہ درس قرآن کی سالگرہ نہایت پروقار طریقے سے منائی گئی۔ اس پروگرام کی صدارت ادارہ منہاج القرآن دوبئی کے صدر ملک فخر زمان عادل نے کی۔ وسیع و عریض ہم، ہمدرد ہال سامعین سے حسب معمول کچھا کھچ بھرا ہوا تھا۔ جس میں کثیر تعداد میں خواتین بھی شریک تھیں۔

اس موقع پر سامعین کی طرف سے ملک خضر حیات، چشتی صاحب اور جناب منظور حسین صاحب نے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے درس قرآن کے کامیاب سلسلہ کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ اور انہیں مبارکباد دی۔ مقررین نے خصوصی طور پر علامہ ارشاد حسین سعیدی کے ہر دلعزیز انداز خطابت اور دلائل و براہین سے مزین دروس قرآن پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اور ان کے پرمعزز لیکچر کو بانی تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مقبول عام ٹی وی پروگرام "فہم القرآن" کی بازگشت قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ علامہ ارشاد حسین سعیدی صاحب نے قرآن اور صاحب قرآن کے تعلق کو جس مدلل انداز میں بیان کیا اور جس طرح ادب و عظیم کو ہدایت قرآنی کے حصول کی خشت اول قرار دیا یہ فقط انہیں کا خاصہ اور سرچشمہء فیض منہاج القرآن کا فیضان ہے۔

انہوں نے اس سلسلہ رشد و ہدایت اور علم و آگہی کے پیچھے کار فرما قوت محرکہ جناب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو شاندار الفاظ میں ہدیہ تبریک پیش کیا۔ اور ان کے مجددانہ، محققانہ اور تخلیقی و اجتہادی کارناموں کو امت مسلمہ کی علمی، فکری اور عصری ضرورتوں کو کفالت اور عصر حاضر کے چیلنجز، فکری انتشار، ذہنی تشکیک اور روحانی امراض کا علاج قرار دیا۔ بالخصوص گلشن علم کی نرسری تیار ہونے پر انہیں خراج تحسین عقیدت پیش کیا۔ جو ارشاد حسین سعیدی اور ان جیسے بے شمار حسین پھولوں کی صورت میں قربہ قربہ قرآنی افکار و معارف کی خوشبو عام کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کا سہرا تحریک منہاج القرآن راولپنڈی سٹی اور کینٹ کے عہدیداران و کارکنان بالخصوص حافظ اشتیاق اعوان مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر و ناظم تحریک راولپنڈی، کینٹ کے صدر جناب امجد چوہدری، راولپنڈی سٹی کے صدر جناب مرزا آصف صاحب اور تمام سٹی اور کینٹ کے عہدیداران کے سر ہے جنہوں نے انتظامی، دعوتی اور مالیاتی امور کو انتہائی احسن انداز سے نبھایا۔

اس پروگرام کا Climax یہ تھا کہ محترم ارشاد حسین سعیدی صاحب کو ان کے کامیاب اور اثر انگیز لیکچرز کے اعتراف کے طور پر فخر راولپنڈی جناب ملک فخرالزمان عادل کی طرف سے عمرے کا ٹکٹ پیش کیا گیا۔ ان کے اس اقدام اور خوبصورت تحفے پر حاضرین میں سے ہر شخص نے انہیں سراہا۔ اور کہا کہ قرآنی علوم و معارف کی ترویج و اشاعت کرنے والوں کی اس طرح حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔

آخر میں تحریک منہاج القرآن راولپنڈی سٹی اور کینٹ کی تنظیمات کی طرف سے محترم ارشاد حسین سعیدی کی خدمات میں ایک یادگار شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اور سامعین کے پرزور مطالبہ پر اس سلسلہ عرفان القرآن کو مزید بہتر انداز میں آئندہ بھی جاری و ساری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

تبصرہ

Top