عالمی روحانی اجتماع (لیلۃ القدر) 2008ء

(شہراعتکاف سے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایم ایس پاکستانی)
معاون: محمد نواز شریف

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام لیلۃ القدر کا عالمی روحانی اجتماع مورخہ 27 ستمبر کو جامع المنہاج سے متصلہ گراؤنڈ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب ہوا۔ جو کیو ٹی وی اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے ذریعے براہ راست نشر کیا گیا۔

پروگرام میں بھیرہ شریف کے سجادہ نشین پیر امین الحسنات شاہ، سرجن جنرل پنجاب ڈاکٹر فیاض رانجھا، خادم دربار عالیہ سلطان الہند سید معین الدین چشتی اجمیری خواجہ راحت حسین، منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن سے خواجہ پیر محمد یونس مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ مرکزی قائدین میں سے امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، نائب امیر تحریک پیر خلیل الرحمن چشتی، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی، محمد عاقل ملک، جاوید اقبال قادری، جملہ ناظمین اور دیگر مرکزی قائدین شامل تھے۔ دنیا بھر سے علماء کرام اور مختلف طبقہ ہائے فکر کی معزز شخصیات بھی معزز مہمانوں میں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین و معتکفات کے علاوہ دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

پروگرام کے پہلے حصہ کا آغاز شب گیارہ بج کر اٹھائیس منٹ پر صلوٰۃ التسبیح سے ہوا۔ اس موقع پر گرؤانڈ میں حاضرین اور جامع المنہاج میں معتکفین کے لیے الگ الگ باجماعت صلوٰۃ التسبیح کا اہتمام کیا گیا تھا۔

شب بارہ بج کر دس منٹ پر عالمی روحانی اجتماع کا دوسرا حصہ شروع ہوا جو صبح چار بجے تک کیو ٹی وی اور اے آر وائی ڈیجیٹل کے ذریعے براہ راست پیش کیا گیا۔ شریعہ کالج، منہاج یونیورسٹی لاہور کے قاری خالد حمید کاظمی نے تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کے دوسرے حصہ کا آغاز کیا۔ کالج آف شریعہ کے شہزاد برادران نے دف کیساتھ پروگرام کی افتتاحی نعت پڑھی۔ ان کے بعد منہاج نعت کونسل کے بلالی برادران اور حسان منہاج محمد افضل نوشاہی نے بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مدح سرائی کی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ تحریک منہاج القرآن نے آج اٹھارہویں سالانہ شہر اعتکاف کے علاوہ ستائیسویں شب کے عالمی روحانی اجتماع کو کامیاب انداز میں منعقد کیا ہے۔ ہم اس موقع پر دنیا کو پیغام دینا چاہتے کہ منہاج القرآن اور اس کے رفقاء دنیا میں قیام امن کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن وہ تحریک ہے جس کا ہر کارکن امن کا پیامبر اور اس کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امن کے داعی ہیں۔

ناظم اعلیٰ نے کہا کہ اس روحانی اجتماع کو دنیا بھر میں براہ راست دکھانے پر ہم کیو ٹی وی اور اے آر وائی کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جملہ تنظیمات اور ہزارہا کارکنان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    جھلکیاں

    1. عالمی روحانی اجتماع کے لیے منہاج کالج برائے خواتین سے لے کر مرکزی اعتکاف گاہ تک گروانڈ میں پنڈال بنایا گیا۔
    2. پنڈال کے اردگرد منہاج ایمولینس کے علاوہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیاں بھی کھڑی تھیں۔
    3. پنڈال میں داخلہ کے لیے تین مختلف جگہوں پر مرکزی گیٹ بنائے گئے جہاں جامہ تلاشی اور سخت چیکنگ کا انتظام تھا۔
    4. منہاج پروڈکشنز کی ٹیم نے ڈائریکٹر شفیق الرحمٰن سعد کی نگرانی میں کیو ٹی وی اور اے آر وائی کیساتھ پروگرام براہ راست پیش کیا۔
    5. وئی آئی پی مہمانوں کے لیے سٹیج کے بائیں جانب انتظام کیا گیا۔
    6. پنڈال میں شرکاء نماز مغرب کے بعد ہی پہنچنا شروع ہو گئے۔
    7. شب ساڑھے بارہ بجے تک پنڈال کا تمام حصہ بھر چکا تھا۔
    8. سٹیج کے دائیں جانب مردوں کے لیے بڑی ڈیجیٹل سکرین اور بائیں جانب خواتین کے لیے پروجیکٹر لگایا گیا تھا۔
    9. پنڈال میں لائٹوں کا خوبصورت منظر تھا جس کے لیے سو سے زائد فلڈ لائٹس پول لگائے گئے تھے۔
    10. صلوۃ التسبیح کے لئے پنڈال میں شب گیارہ بج کر اٹھائیس منٹ پر جماعت کھڑی ہوئی۔
    11. شہر اعتکاف کے مسنون معتکفین کے لیے جامع المنہاج کے اندر بڑی سکرین اور پروجیکٹرز لگائے گئے۔
    12. پنڈال میں صلوٰۃ التسبیح شب بارہ بج کر پانچ منٹ پر ختم ہوئی جس کے بعد پیر خلیل الرحمن چشتی نے دعا کروائی۔
    13. شب بارہ بج کر دس منٹ پر پروگرام کی براہ راست کوریج شروع ہوئی اور اس موقع پر علامہ ارشاد حسین سعیدی نے سامعین اور ناظرین کو خوش آمدید کیا۔
    14. شیخ الاسلام بارہ بجے سٹیج پر تشریف لائے، ہزاروں شرکاء نے آپ کا کھڑے ہو کر نعروں سے استقبال کیا۔
    15. شب بارہ بج کر پندرہ منٹ پر علامہ ارشاد حسین سعیدی نے پانچ منٹ تعارفی کلمات کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خطاب کی دعوت دی۔
    16. شیخ الاسلام نے اپنے خطاب سے قبل کہا کہ حضور قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاوالدین البغدادی قدہ سرہ العزیز کے زیر سایہ شہر اعتکاف اور لیلۃ القدر کے موقع پر ہم تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پڑھے جانے والے درود پاک کو پیش کرتے ہیں۔ یہ لیلۃ القدر کے موقع پر مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی ہے۔
    17. شیخ الاسلام کا خطاب چار بج کر آٹھ منٹ پر ختم ہوا۔

تبصرہ

Top