گوجرانوالہ: رپورٹ اجلاس یوتھ پارلیمنٹ

رپورٹ :۔ بلال مصطفوی

یوتھ پارلیمنٹ کا تیسرا سہ ماہی اجلاس مورخہ 24 دسمبر 2006 بروز اتوار ضلع کونسل ہال گوجرانوالہ میں زیرِصدارت محترم ساجد محمود بھٹی (سپیکر یوتھ پارلیمنٹ) منعقد ہوا۔ اجلاس کی میزبانی نظا متِ یوتھ گوجرانوالہ نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن مجید اور نعت شریف سے کیاگیا۔

محترم اکمل وڑائچ (صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گوجرانوالہ) نے بطور میزبان تمام قائدین اور معزز ممبران یوتھ پارلیمنٹ کو گوجرانوالہ میں تشریف لانے پر خوش آمدید کہا اور گوجرانوالہ کو آج کے اجلاس کی میزبانی دینے پر معزز ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد محترم اشتیاق حنیف مغل (مرکزی نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ) نے بطور کمپئراجلاس کے شیڈول کا اعلان کیا، محترم ذیشان بیگ (مرکزی نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ) نے دوسری سہ ماہی 2006ء کی رپورٹ ہاؤ س کے سامنے پیش کرتے ہوئے پروجیکٹر کے ذریعے پریزنٹیشن دی۔ بعد ازاں محترم ذیشان بیگ (مرکزی نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ) نے الگ الگ تمام کوآرڈینیٹرز کی رپورٹس پروجیکٹر کے ذریعے ہاؤس کے سامنے پیش کیں، ہر کوآرڈینیٹرنے اپنی رپورٹ کے دوران کھڑے ہو کر ہاؤس کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر ہاؤس کودوسری سہ ماہی میں ہونے والے پروگرامز کی تصاویر بھی ملٹی میڈیا پر دکھائی گئیں۔

محترم ظہیر عباس گجر کو آرڈینیٹر گو جرانوالہ ڈویژن نے اظہار خیال کرتے ہوئے پہلے بحثیت میزبان کو آرڈینیٹر تمام معزز ممبران پارلیمنٹ کو خوش آمدید کہا اورگذشتہ تین ماہ کے دوران مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سرگرمیوں کی تفصیلات سے ہاؤس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں دو رکنی وفد محترم ساجد محمود بھٹی (مر کزی ناظم یوتھ) کی سربراہی میں اندرونِ سندھ اور کراچی کے لیے روانہ ہوا۔ اس دوران اندرونِ سندھ کی 10 تحصیلات میں یوتھ کی تنظیم سازی کی گئی علاوہ ازیں ڈگری کے مقام پر اندرونِ سندھ کی تنظیمات کا ایک یوتھ کنونشن ہوا۔ جبکہ کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے یومِ تاسیس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں 500 افراد نے شرکت کی، کراچی کے تمام ٹاؤنز کی تنظیمات سے میٹنگز بھی وفد کے ایجنڈا میں شامل تھیں۔ جبکہ جامعہ کراچی میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کام کا آغاز کرنے کے لیے ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ وہاں پر کا م کا آغاز کر دیا جائے گا۔

فیلڈ کے تاثرات اور تجربات

محترم میا ں کاشف محمود (ناظم یوتھ فیصل آباد)، محترم ظفر اقبال سلہریا (ناظم یوتھ شیخوپورہ)، ملک امجد محمود چاند (نائب ناظم یوتھ سیالکوٹ)، عمران بھٹی (ناظم یوتھ لاہور) سیف اللہ خان (صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ زرعی یونیورسٹی)، محترم ذوالفقار علی (ڈپٹی کنونئر ڈی جی خان ڈویژن)، محترم زاہد بیگ (ناظم یوتھ جہلم)، محترم زاہد سلیم صدیقی (ناظم یوتھ گجرات) نے اوپن بحث میں حصہ لیا اور اپنے تجربا ت ہاؤس کے سامنے پیش کیے۔

مرکزی یوتھ کیبنٹ میں ہونے والی نئی تقرریوں کا اعلان

جناب سپیکر نے ہاؤس کو مرکزی کیبنٹ میں ہونے والی نئی تقرریوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جس وقت کیبنٹ تشکیل دی گئی تھی اس وقت ممبران کی تعداد صرف سات تھی جوکہ مرکزی سطح پر ملک بھر میں کام کرنے کے لیے کم تھی۔ اب کیبنٹ 14 افراد پر مشتمل ہے یہ تعداد اب بھی کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی تین ماہ کے دوران صرف پنجاب کو فوکس کیا گیا جبکہ اس وقت دوسری سہ ماہی کے دوران سندھ، بلوچستان، ہزارہ، آزاد کشمیر اور کراچی میں بھی کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ گذشتہ دنوں دو سینئر افراد کو کیبنٹ میں شامل کیا گیا اور ان کی حسب ذیل عہدوں پر تقرری کی گئی۔

  1. محترم انجینئراعجاز وڑائچ (مرکزی ناظم دعوت وتربیت یوتھ)
  2. محترم چوہدری بابر سیہول (ممبر مرکزی یوتھ کیبنٹ)

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نئے مرکزی صدرکی تقرری

جناب سپیکر نے ہاؤس کو بتایا کہ محترم محمد یوسف یعفور مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے لیکن وہ اپنی ذاتی مصروفیات کی بناء پر اکتوبر 2006ء میں ذمہ داری سے الگ ہو گئے۔ تین ماہ کے عرصہ میں ایک پراسس کے بعد مرکزی یوتھ کیبنٹ نے اپنی تجویز تیار کرکے محترم ناظم اعلیٰ کی وساطت سے حضور قائد محترم کو پیش کی جس پر فیصلہ کا اعلان محترم شیخ زاہد فیاض (نائب ناظم اعلیٰ) نے فرمایا ہے۔ اس فیصلہ کے مطابق محترم محمد شعیب مغل کو مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی نئی ذمہ داریا ں سونپی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی محترم محمد شعیب مغل کو صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سیٹ پر تشریف لانے کو کہا گیا۔ عبوری عرصہ کے دوران قائم مقام صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محترم چوہدری ظہیر عباس گجرکی مثالی خدمات کو بھی سراہا۔

اظہارِ خیال محترم شعیب مغل (مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ)

محترم شعیب مغل (مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ) نے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری جو مجھے آج سونپی گئی ہے یہ آپ احباب، مرکزی یوتھ کیبنٹ، تحریک کی اعلیٰ قیادت اور بالخصوص قائدِ محترم کی محبت، شفقت اور اعتماد ہے۔ میں ان شاء اللہ تعالیٰ خدائے بزرگ وبرتر کے فضل و کرم، حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تقدس، قائدِ محترم کی دعاؤں اور آپکے تعاون سے اس ذمہ داری کو اپنی بساط بھر نبھانے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران ہم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کو تعلیمی اداروں میں مستحکم کریں گے ہم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابقہ قائدین اور موجودہ مرکزی کیبنٹ پر مشتمل ایک کانفرنس بلائیں گے اور مل جل کر اس کام کو آگے بڑھائیں گے۔

اظہارِ خیال محترم اشتیاق چوہدری (مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ)

انہوں نے کہا کہ یہ سیشن جہاں پالیسی سا زی کا اور تنفیذی سیشن ہوتا ہے وہاں یہ سیشن تنقیدی سیشن بھی ہوتا ہے تاکہ ہم اپنا محاسبہ کر سکیں اور کام کی رفتار کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت کا کام ہمارا فریضہ ہے اور جو انبیائے کرام علیھم السلام اور آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت مطہرہ ہے۔ ہمارے ذمے جو کام ہمارے قائد نے لگا رکھا ہے وہ دعوت کا کام ہے جب ہم اپنے قائد اور اسکی دعوت کی طرف دیکھتے ہیں تو نہ ایسی دعوت کسی موجودہ تنظیم کے پاس ہے اور نہ ایسا عظیم قائد کسی جماعت کے پاس ہے۔

یوتھ پارلیمنٹ میں ذمہ داران کی تر بیت اور حکمتِ عملی کی تیاری کے لیے گروپ ڈسکشن کروائی گئی۔ محترم اعجاز وڑائچ (مرکزی ناظم تربیت یوتھ) نے درج ذیل دوموضوعات پر ڈسکشن کے لیے ممبران کے 8 گروپ بنائے۔

  1. ویڈیو پوائنٹس کا قیام، فروغ اور کامیابی کیسے؟
  2. دورِحا ضرکے نوجوانوں میں دعوت کا فروغ کیسے ممکن ہے؟

ہر گروپ میں آٹھ، آٹھ افراد شامل تھے۔ تمام گروپس کو نصف گھنٹہ کا وقت دیا گیا کہ وہ باہمی ڈسکشن کے بعد ہاؤس کو اپنی تجاویز تحریری طور پر پیش کریں۔ یہ اس دفعہ تربیتی نشست کا ایک نیا اور اچھوتا انداز تھا تمام ممبران پارلیمنٹ نے اس میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

نصف گھنٹہ کے بعد تمام گروپس نے اپنی اپنی پریزینٹیشن دی جبکہ درج ذیل گروپ لیڈر نے اپنے گروپ کی تجاویز ہاؤس کے سامنے رکھیں۔

  1. محترم انجینئر حیدر علی
  2. محترم عمران بھٹی
  3. محترم عمر فاروق
  4. محترم طیب طاہر
  5. محترم فاروق انصاری
  6. محترم ظفر اقبال سلہریا
  7. محترم زاہد سلیم صدیقی
  8. محترم کاشف محمود

تمام گروپس کی تجاویز قابل عمل اور بہت اچھی تھیں جن کو کمپائل کرکے مرکز ی کیبنٹ ان پر عملدرآمد کروائے گی۔

اظہارِخیال محترم زاہد الیاس میر (سابق مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ)

محترم زاہد الیاس میر (سابق صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ) کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے لہذا آپکو بطور مہمانِ حصوصی کے شرکت کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے مرکزی کیبنٹ کو گوجرانوالہ میں خوش آمدید کہا اور کامیاب اجلاس کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے قائدِ تحریک اور مشن سے محبت اور مشن کا کام کرنے سے ذاتی زندگی میں ملنے والے فیوض وبرکات پر روشنی ڈالی۔ ان کی ساری گفتگو بہت Motivational تھی جس کو ممبران نے بہت پسند کیا۔

اظہارِ خیال محترم اعجاز القادری (قائم مقام امیر تحریک منہاج القرآن گوجرانوالہ)

آپ نے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی یوتھ اور گوجرانوالہ یوتھ کو مبارکباد پیش کی اورگوجرانوالہ یوتھ کے تمام نوجوانوں کی خدمات کو سراہا۔

گوجرانوالہ یوتھ کی تنظیم نو اور حلف برداری

محترم چوہدری ظہیر عباس گجر کوآرڈینیٹر گوجرانوالہ ڈویژن نے اس موقع پر ضلع گوجرانوالہ کی تنظیم نو کا اعلان کیا اور جناب سپیکر نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔

اختتامی کلمات (محترم ساجد محمود بھٹی سپیکر یوتھ پارلیمنٹ)

جناب سپیکر نے ابتدا ء میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور گوجرانوالہ یوتھ کو مثالی ڈیکورم کے ساتھ خوبصورت ماحول میں اجلاس منعقد کروانے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پلاننگ کا حصہ تھا کہ ہم پہلے منہاج القرآن یوتھ لیگ کو فیلڈ میں منظم کریں اور بعدازاں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی معاونت سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کو منظم کیا جائے۔

انہوں نے تحریک کی موجودہ حکمتِ عملی کے تحت کام کرنے پر سیر حاصل فکری گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں آج کے نوجوانوں کی ذمہ داریاں پہلے سے دو گنا ہو چکی ہیں یہ وہ وقت ہے کہ جب دین کی اقدار کے احیاء اور تخفظ کے لیے نوجوانوں کو اپنے قول وکردار میں پختگی پیدا کرکے منظم جدوجہد کرنا ہوگی۔

تنظیمات کے لیے اعزازات کا اعلان

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ہفتہ تقریبات کے سلسلہ میں سیمینارز کا اہتمام کرنے والی تمام تنظیمات اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی گئی جبکہ درج ذیل تنظیمات کو مثالی پروگرامز کروانے پر اعزازی شیلڈز دینے کا اعلان کیا۔

  1. اسلام آباد
  2. لاہور
  3. فیصل آباد

فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ شیلڈز یا اعزاز کے اعلان کے لیے معیار ممبر شپ اور ویڈیو پوائنٹس کا قیام ہوگا۔ وہی تنظیم شیلڈ کی حقدار ہوگی جو زیادہ تعداد میں ممبر شپ اور ویڈیو پوائنٹس بنائے گی۔

کلماتِ تشکر

محترم علی رضا ملک (ناظم یوتھ گوجرانوالہ) نے بحثیتِ میزبان کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے مرکزی قائدین، معزز مہمانوں اور ممبرانِ یوتھ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محترم فاروق انصاری ممبر یوتھ پارلیمنٹ نے تمام ممبران کی طرف سے گوجرانوالہ کی تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے بعد تمام ممبرانِ پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر ترانہ یوتھ پیش کیا جس کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

Top