شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے قانونی جنگ لڑرہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور کا فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیراہتمام ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جسمیں مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور مہمان خصوصی تھے۔ کنونشن میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنما راجہ زاہد محمود، شاہدلطیف، حافظ رب نواز انجم، رانا طاہر سلیم، میاں عبدالقادر، غلام محمد قادری، حاجی امین القادری، عزیزالحسن اعوان، فرحت دلبرقادری، آصف عزیز، عمرفاروق، رانا غضنفر علی، اللہ رکھا نعیم، محمودالحسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہے منہاج القرآن کے کارکنان ملکی استحکام کیلئے جان و مال کی بے دریغ قربانیاں دینے کے جذبے سے کل بھی سرشار تھے اور آج بھی ان کے جذبوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن کل بھی پرعزم تھا اور آج بھی ان کے ولولوں میں کوئی کمی نہیں آئی، ماڈل ٹاؤن کے شہید اور زخمی ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں، شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے، ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے انصاف کیلئے قانونی جنگ زندگی کی آخری سانس تک جاری رہے گی۔

نواز شریف اور شہباز شریف سانحہ ماڈل کے ماسٹر مائنڈ بےگناہوں کے قاتل اور 20 کروڑ عوام کے چور ہیں۔ دونوں بھائی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ ساز ہیں جبکہ عمل درآمد کروانے کی ڈیوٹی رانا ثنااللہ نے انجام دی۔ رانا ثنا اللہ کو بالاخر قانون اور عوام کی عدالت میں یہ اعتراف کرنا پڑے گا کہ سانحہ ماڈل ٹاون قتل عام کا منصوبہ جاتی امراء میں بنا۔ رانا ثناء اللہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے نام بتا کر اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی فہرست میں بھی کمی لائیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم پر اللہ اور میڈیا کے سوا کوئی ہمارے ساتھ نہیں تھا، ہم مایوس نہیں ہیں، ایک کے بعد ایک عدالت سے انصاف مانگ رہے ہیں، مانگتے رہیں گے، اگر ان عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو ایک عدالت اللہ کی ہے وہاں سے ضرور انصاف ملے گا، قانون بے شک ظالم کا ہی ساتھی کیوں نہ ہو پھر بھی قانون کی ہی چھتری تلے رہنا پڑتا ہے، ہم نے اپنے کارکنوں کو ہمیشہ قانون کا احترام سکھایا، کسی بھی مرحلے پر قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔

کنونشن سے مرکزی نائب ناظم علیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، سید ہدایت رسول قادری، کاشف محمود، میاں ریحان مقبول نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تن کے کپڑے بھی بیچنے پڑے پھر بھی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ٹھیک کہتے ہیں کہ انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ظالمانہ نظام ہے۔ شہداء کے انصاف کیلئے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، پر امید ہیں کہ ہمیں عدالتوں سے انصاف ملے گا۔

تبصرہ

Top