منڈی احمد آباد: ایگرز کے زیراہتمام بچوں کے سمر کیمپ کی اختتامی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فورم ایگرز کے زیراہتمام منڈی احمد آباد میں بچوں کا دس روزہ سمر کیمپ منعقد ہوا، جس میں تقسیم انعامات کی تقریب 10 جولائی 2019ء کو ہوئی۔ سمر کیمپ اور اختتامی تقریب ڈمفریز سکول آف ایکسی لینسی احمد آباد اور ایگرز کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوئی۔ جس میں 10 روزہ تربیتی سیشن میں کلاس ون سے کلاس فائیو تک کے 40 بچوں نے حصہ لیا۔ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں تربیتی سیشن مکمل کرنے والے بچوں کو تعریفی سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی افکار کے مطابق بچوں کی تربیت ماں باپ کا دینی فریضہ ہے۔ منہاج القرآن نے 2 سال کے بچے سے لے کر 70 سال کے بزرگ کی تعلیم و تربیت اور نظریاتی آبیاری کے لئے مختلف تعلیمی، تربیتی پروگرامز وضع کر رکھے ہیں۔ بچوں کی تربیت کےلئے قائم کیا گیا فورم’’ایگرز‘‘ ان میں سے ایک ہے۔ جو ملک بھر میں کامیابی کے ساتھ بچوں کی تربیتی ورکشاپس منعقد کر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حفصہ بدر نے کہا کہ منہاج القرآن اصلاح احوال کی ایک ایسی عالمگیر تحریک ہے جو افراد کی کردار سازی کےلئے علمی، تحقیقی، تربیتی فرائض انجام دے رہی ہے، اگر والدین چاہتے ہیں کہ انکا بچہ خاندان کا فخر اور ملک و ملت کا مفید شہری ثابت ہو تو پھر انکی تربیت کا آغاز اوائل عمری میں کر دینا چاہیے۔

تقریب سے آرگنائزر محمد ثناءاللہ، راحیل احمد جہانگیر، سید اصغر علی شاہ، راؤ عمر فاروق، مرزا غضنفر بیگ، محمد اسلم وٹو اور شبیر بابر نے بھی خطاب کیا۔

10 روزہ سمر کیمپ میں آداب، آرٹ، اسلامک سٹوریز، گیمز، آداب نماز، پیغمبروں کی کہانیوں کے متعلق لیکچرز دئیے گئے اور بچوں کو عملی مشقیں کروائی گئیں۔ کامیاب سمر کیمپ کے انعقاد پر والدین نے ادارہ منہاج القرآن کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر والدین کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور ویڈیو گیمز کے اس دور میں بچوں کو آداب اور اخلاق سکھانا ایک بہت بڑی نیکی ہے اس پر ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ایگرز کی جملہ ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دیتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

تبصرہ

Top