کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سالانہ اسلامی تربیتی کورس کی تقریب، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سالانہ اسلامی تربیتی کورس کی خصوصی تقریب 14 جولائی 2019ء کو ٹاؤن شپ میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کو مختلف تربیتی کورسز و سمر کیمپس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز دینی و عصری علوم کا ایک ممتاز تعلیمی ادارہ ہے جو 1986ء سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر سرپرستی طلبا و طالبات کو زیور علم سے آراستہ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ منہاج یونیورسٹی اور لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے الحاق شدہ اور عالم اسلام کی ممتاز یونیورسٹی جامعہ الازہر مصر کے تدریسی تعاون سے پاکستان میں تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے اور سینکڑوں طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ یہ واحد عظیم تعلیمی ادارہ ہے جو فارن کوالیفائیڈ ڈاکٹرز، پروفیسرز کی نگرانی میں علوم شریعہ کے ساتھ میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی تک تعلیم فراہم کررہا ہے اور یہاں کے فارغ التحصیل طلباء زندگی کے مختلف شعبہ جات میں ایک بہترین شہری اور کامیاب پروفیشنل کے طور پر دینی و قومی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز طلباء میں لیڈر شپ کوالٹیز کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی روحانی تربیت اور کردار سازی کو فوقیت دیتا ہے اور اس کا عصری تقاضوں سے ہم آہنگ جدید نصاب انتہا پسندی، تنگ نظری سے پاک اور اسلام کا ماڈریٹ ویژن رکھنے والے سکالرز پیدا کررہا ہے، کالج کے فارغ التحصیل سینکڑوں سکالرز پروفیشنلز پاکستان اور بیرون ملک انتہائی باوقار انداز میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے کہاکہ اعلیٰ تعلیمی معیار اور بہترین فیکلٹیزکی وجہ سے کالج آف شریعہ کے طلباء لاہور بورڈ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ طلباء کی ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے سپورٹس، ثقافت اور سیاحتی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور انہیں ایک ذمہ دار شہری اور باعمل مسلمان بنانے کے لیے نماز پنجگانہ کی ادائیگی یقینی بنائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فی زمانہ تعلیم دینے سے زیادہ بڑا چیلنج طلباء کی نظریاتی سمت کا درست تعین کرنا ہے۔ یہ تقاضے منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے پورے کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز طلباء کو اپنے کیریئرکے انتخاب کی اہلیت سے بہرہ مند کرتا ہے اور تدریسی مصروفیات کے علاوہ طلباء کو فنِ تحریر و تقریر کی مشق کے ذریعے زبان و بیان پر ملکہ حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دور دراز کے طلباء کے لیے میس اور ہاسٹل کی شاندار سہولت بھی دستیاب ہے۔ طلباء کے مطالعہ و تحقیق کےلئے ہزاروں کتب پر مشتمل جدید ترین لائبریری بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو جدید نصاب اور اسلام کا ماڈریٹ ویثرن رکھنے والے اساتذہ کے ذریعے انتہا پسندی اور تنگ نظری سے بچایا جا سکتا ہے۔

تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر شاہد سرویا، رانا محمد ادریس و دیگر پروفیسرز و لیکچررز نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top