منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر نیوالے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

(رپورٹ : محمد نواز شریف)

منہاج یونیورسٹی لاہور کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے Ph.D کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب مورخہ 16 فروری 2009ء کو منعقد ہوئی۔ کالج آف شریعہ کی انتظامیہ کی طرف سے اس تقریب کو منہاج یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت ممبر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔ پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، میاں محمد عباس نقشبندی، ڈاکٹر علی اکبر الازھری، کرنل (ر) محمد احمد، علی غضنفر کراروی، محمد حسین آزاد، علامہ شاہد لطیف قادری، حافظ نیاز احمد اور دیگر مرکزی قائدین اور کالج آف شریعہ کے اساتذہ کرام بھی پروگرام کے معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض عبدالقدوس درانی نے ادا کیے۔

تقریب میں منہاج یونیورسٹی کے ہونہار طلبہ جنہوں نے دنیا بھر کی مختلف یونیورسٹیز سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ ان طلبہ میں کراچی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والے ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری (پنجاب یونیورسٹی)، ڈاکٹر غلام محمد قمر (جامعہ الازہر مصر) اور ڈاکٹر اصغرجاوید (جامعۃ القاہرہ مصر) شامل ہیں۔ جامعۃ الازھر مصر سے بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ مبشر اکرم، محمد حامد، محمد عثمان صدیقی اور محمد مہتاب خان عباسی بھی شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری سید خالد حمید کاظمی نے کی جبکہ نعت رسول مقبول قاری عنصر علی قادری نے پڑھی۔ بی اے آنرز کرنے والے طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد عثمان صدیقی نے کی۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج یونیورسٹی نے طلبہ کو بامقصد تعلیم دی اور آج ہم اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیار غیر میں جا کر تعلیم حاصل کی جس کا سہرا منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ کی انتظامیہ اور معزز اساتذہ کرام کے سر ہے۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے پی ایچ ڈی اور بی اے آنرز کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جب منہاج یونیورسٹی کی بنیاد رکھی تو یہاں طلبہ کو قدیم و جدید علوم دینے کو بنیادی مقصد رکھا گیا تھا۔ الحمد للہ آج منہاج یونیورسٹی کے طلبہ اس مقصد کو بہتر طریقے سے حاصل کرتے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں اب صرف تخصص کا زمانہ ہے۔ آپ اس وقت تک ماہر طالب علم نہیں جانے جاتے جب تک آپ نے کسی ایک مضمون میں تخصص نہ کیا ہو۔ اس حوالے سے پی ایچ ڈی کرنے والے ڈاکٹر طلبہ خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے بروقت فیصلہ کر کے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرنے والے تمام طلبہ کے لیے گولڈ میڈل کا اعلان کیا جو انہیں بعد میں ایک تقریب کے دوران دیا جائے گا۔

ڈاکٹر اصغر جاوید نے کہا کہ ہماری کامیابی کا راز جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ کرام کی محنت اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے فیضان نظر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ الازھر میں پاکستان کے 50 طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں 32 طلبہ منہاج یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ کے ہیں۔

ڈاکٹر غلام محمد قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عظمت محنت میں پوشیدہ ہے اور طلبہ کو صرف محنت کے ذریعے ہی اپنی منزل حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کا اعزاز ہے کہ پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ ایک بار پھر اپنی مادر علمی میں ہیں جو ہمارے لیے اعزاز ہے۔

ڈاکٹر نعیم انور نعمانی نے کہا کہ میں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے علم حدیث پر پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی ہے۔ اس حوالے سے میں طلبہ کو بتانا چاہوں گا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری وہ علمی اثاثہ ہیں جن پر آنے والے وقت میں دنیا بھر میں ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں مکمل کی جائیں گے۔ انہوں نے کہا آج مجھے اپنی مادر علمی میں آ کر فخر ہے۔

ڈاکٹر ظہور اللہ الازھری نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے مسرت اور خوشی کا دن ہے جب ہم ایک بار پھر اپنی مادر علمی میں جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جس یونیورسٹی کی بنیاد رکھی تھی تو آج اس کے طلبہ ملک بھر اور دنیا بھر میں پھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے طلبہ عالمی سطح اور ملکی سطح پر کلیدی عہدوں پر اپنی خدمات بھی سرانجام دے رہے ہیں۔

پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پی ایچ ڈی اور بیرون ملک سے بی اے آنرز کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ ہمارے اثاثہ ہیں اور نئے طلبہ کو یہی پیغام دیں گے کہ وہ تعلیم کے میدان میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کریں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ اپنے ہونہار طلبہ کو دنیا بھر میں متعارف کرایا ہے۔

تقریب کی اختتامی دعا شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام نے کرائی۔

تبصرہ

Top