تقریب تقسیم اسناد کمپیوٹر ٹریننگ کورس

تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف کے لیے کمپیوٹر ٹریننگ کورس کی تقریب تقسیم اسناد 28 اپریل 2009ء کو منعقد ہوئی۔ ایک ماہ دروانیہ پر مشتمل کمپیوٹر ٹریننگ کورس منہاج انٹرنیٹ بیورو کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس میں مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف نے حصہ لیا۔ کورس کے اختتام پر تمام امیدواروں کا باقاعدہ تحریری و عملی امتحان لیا گیا، جس میں کامیاب طلبہ کو اسناد اور پوزیشن ہولڈرز کو انعامات بھی دیئے گئے۔ نتائج کے مطابق مجلہ منہاج القرآن کے ڈپٹی ایڈیٹر یوسف منہاجینز نے پہلی، منہاج انٹرنیٹ بیورو کے واحد نعیم مغل نے دوسری اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے حیدر علی بخاری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب تقسیم انعامات کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی، نظامت تربیت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، نظامت تربیت کے سینئر نائب ناظم علامہ غلام مرتضیٰ علوی، منہاج انٹرنیٹ بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فاروق رانا، نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر حافظ عبدالرحمٰن صدیقی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ناظم بلال مصطفوی، قمر جاوید ملک اور دیگر مرکزی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد عبدالباسط مکی نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کمپیوٹر کورس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا یہ ماٹو ہے کہ وہ اپنے ورکرز کو جدید ترین صلاحیتوں سے آراستہ کرے گی۔ اس سلسلہ میں فری کمپیوٹر کورس کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے تمام ورکرز کو کمپیوٹر کی بنیادی معلومات اور دفاتر میں زیراستعمال جملہ سافٹ ویئرز کی ٹریننگ کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کمپوٹر کورس میں سٹاف ممبران نے بڑی دل چسپی کا مظاہرہ کیا گیا، جو حوصلہ افزاء ہے۔ کورس میں ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، ڈپٹی ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد فاروق رانا اور نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر عبدالرحمٰن نے بطور لیکچرار خدمات سرانجام دیں۔ انتظامی کمیٹی میں غلام مرتضیٰ علوی، عبدالرزاق چودھری، اور سید شاہد حسین کاظمی شامل تھے۔ تقریب تقسیم انعامات میں ناظم اعلٰی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے طلبہ میں اسناد اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top