تنظیمی دورہ اندرون سندھ، کراچی اور بلوچستان

مورخہ: 04 اگست 2009ء

گذشتہ ماہ محترم ساجد محمود بھٹی سینئر نائب ناظم تنظیمات، محترم سید فرحت حسین شاہ مرکزی ناظم علماء کونسل، محترم میاں عبدالقادر قادری مرکزی ناظم دعوت، محترم ساجد ندیم گوندل مرکزی سیکرٹری جنرل MSM اور محترم حفیظ اللہ بلوچ مرکزی نائب ناظم تنظیمات نے اندرون سندھ، کراچی اور بلوچستان کا تنظیمی دورہ کیا۔ اس دورہ کے درج ذیل مقاصد تھے۔

  1. آئندہ تین سالہ اہداف (Vision 2012 ) کی بریفنگ۔
  2. دعوتی نظام کو موثر بنانا اور حکمت عملی کی بریفنگ۔
  3. تحریک اور جملہ فورمز کی تنظیم سازی اور تنظیم نو۔
  4. مذکورہ علاقوں میں کام کی بہتری کے لئے سرگرمیوں کو منظم کرنا۔

مورخہ 4 اگست کو وفد گھوٹکی (سندھ) پہنچا، مقامی احباب کے ساتھ میٹنگ کی گئی، 5 اگست کو وفد کھوڑہ شریف (گمبٹ) پہنچا یہاں پر محترم مخدوم ندیم احمد ہاشمی (امیر تحریک منہاج القرآن سندھ) کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی گئی جس میں اندرون سندھ کام کی بہتری کے امور زیر بحث آئے اور چند ضروری فیصلہ جات کئے گئے۔

بعد ازاں تنظیمات کے اجلاس میں (گمبٹ، کھوڑہ شریف، سکھر، لاڑکانہ اور آگڑہ) کے تنظیمی احباب نے شرکت کی۔ رات وفد کا قیام کرونڈی شریف (فیض گنج) میں محترم حضرت پیر ضیاء اللہ شاہ کے ہاں تھا۔ وہاں حضرت پیر صاحب کے ساتھ تحریکی اور تنظیمی امور بھی زیر بحث آئے۔ آپ نے تحریکی سرگرمیوں کے لئے اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور عرفان القرآن کورس کروانے کے ارادے کا اظہار کیا۔

6 اگست کو وفد فیض گنج پریس کلب پہنچا، وہاں پر تنظیمی احباب کے ساتھ ملاقات ہوئی اور صحافیوں کو وفد کے دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے بعد وفد نے حضرت سچل سرمست رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کی۔

مرکزی وفد نواب شاہ میں تنظیمی احباب سے ملاقات کے بعد شہداد پور پہنچا۔ شہداد پور میں تنظیمات کا کنونشن ہوا۔ اس مقام پر شہداد پور، نواب شاہ اور ٹنڈو آدم کی تنظیمات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شب برات کے پروگرام میں محترم سید فرحت حسین شاہ نے خصوصی خطاب فرمایا۔

7 اگست سندھ کے معروف صوفی شاعر حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری اور تحریک کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کے بعد وفد حیدر آباد کے لیے روانہ ہوا۔ راستے میں مٹیاری شریف کے مقام پر محترم صاحبزادہ پیر حضرت عبدالرحمن سرہندی کے ساتھ خصوصی ملاقات کی گئی۔ ڈگری میں محترم سید فرحت حسین شاہ نے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ بعد ازاں ڈگری میں خواتین اور مردوں کے الگ الگ ورکرز کنونشنز منعقد ہوئے۔ اس کنونش میں میر پور خاص، ماتلی، مہر واہ، دمبالو اور ڈگری کی تنظیمات اور کارکنان نے شرکت کی۔ بعد ازاں وفد کراچی کے لئے روانہ ہوا۔

8 اگست وفد کراچی پہنچا۔ کراچی ڈویژن کے امیر محترم حاجی اقبال احمد وادھریا، محترم نظامت محمود قادری ناظم تحریک کراچی، محترم فرحت حسین ناظم ایڈمن نے وفد کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ڈویژنل سیکرٹریٹ میں علماء کونسل کی میٹنگ میں ڈویژنل تنظیم علماء کونسل بنائی گئی۔ اس موقع پر ڈویژنل ایگزیکٹو کونسل کراچی ڈویژن کی ایگزیکٹو کا اجلاس ہوا جس میں کراچی ڈویژن کی تحریک منہاج القرآن یوتھ لیگ، ویمن لیگ، ایم ایس ایم اور علماء کونسل کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں تنظیمی استحکام، دورہ کے ثمرات اور اعتکاف 2009ء کے بارے میں فیصلہ جات کئے گئے۔

اس کے بعد وفد نے سچل سرمست ٹاؤن کی تنظیم کے ساتھ خصوصی میٹنگ کی اور تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں وفد نے جماعت اہل سنت کے راہنما محترم علامہ حضرت مفتی سید سعادت علی قادری کے ہاں ان کے بیٹے سید محمد عامر قادری سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں شیر شاہ کے علاقہ میں ورکرز کنونشن ہوا جس میں گلبرگ، شیر شاہ اور گلبائی کی تنظیمات نے شرکت کی۔

9 اگست شاہ لطیف ٹاؤن میں واقع جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کراچی میں دوسرا ورکرز کنونشن منعقد کیا گیا۔ محترم سید مخدوم ندیم ہاشمی نے اس کنونشن میں خصوصی شرکت فرمائی۔ ۔ ۔ جامعہ مسجد رحمانیہ میں تیسرا ورکرز کنونشن ہوا، اس موقع پر محترم سید فرحت حسین شاہ، اہلسنت کے معروف عالم دین علامہ پیر سید مسعود الحسن شاہ صاحب کے تایا جان علامہ سید عبدالرحیم کے چہلم کے پروگرام میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔ ۔ ۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت ہونے والے اسلامک لرننگ کورس کی اختتامی تقریب میں وفد نے شرکت کی۔ ۔ ۔ اورنگی ٹاؤن میں چوتھا ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ اس میں اورنگی ٹاؤن کے علاوہ ڈویژنل تنظیم کے اکثر ذمہ داران نے شرکت کی۔

11 اگست مرکزی وفد حیدر آباد کے لیے روانہ ہوا۔ حیدر آباد میں اندرون سندھ کی صوبائی ایگزیکٹو کا اجلاس ہوا جس میں اندرون سندھ کام کی بہتری کے لئے مشائخ کونسل، مشائخ کنونشن، علماء کنونشن، تنظیمی ورکرز کنونشن اور عرفان القرآن کورسز کے اجراء کے فیصلہ جات کئے گئے۔

اس تقریب کے بعد وفد بلوچستان کے لئے روانہ ہوا۔ ڈیرہ اللہ یار میں بھی تنظیمی ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس کنونشن میں اوستہ محمد، محبت پور، چھپر اور ڈیرہ اللہ یار کی تنظیمات اور کارکنان نے شرکت کی۔ بعد ازاں جیکب آباد میں تحریک کے ابتدائی رفیق، کارکن اور جانثار سپاہی محترم اللہ ڈنو سومرو کی وفات پر ان کے صاحبزادگان اور تحریکی احباب کے ساتھ تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کئی گئی۔

جیکب آباد سے وفد سکھر پہنچا۔ یہاں پر پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا تھا پریس کانفرنس کے بعد تنظیمی احباب کے ساتھ میٹنگ کی گئی اور ضروری نوعیت کے فیصلہ جات کئے گئے۔ اس کے بعد وفد میر پور ماتھیلو میں پہنچا یہاں پر بعض نوجوانوں نے Q TV کے خطابات سے متاثر ہو کر کام کا آغاز کیا تھا ان کی وساطت سے دیگر لوگ بھی شریک تھے جبکہ گھوٹکی اور ڈھرکی کی تنظیمات نے بھی شرکت کی۔ میر پور ماتھیلو میں پہلی مرتبہ تحریک، یوتھ، MSM اور علماء کونسل کی تنظیمات قائم کی گئیں۔

بعد ازاں وفد نے ڈھرکی میں آستانہ عالیہ بھرچونڈی شریف کے مشائخ سے ملاقات کی اور صاحبزادہ احمد رضا شاہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر حضرت پیر صاحب نے تحریک کی مکمل سرپرستی فرمانے کا وعدہ کیا۔

الحمدللہ مرکزی وفد کے دورہ کے بعد تحریک کے کام میں تیزی آگئی ہے۔ اکثر جگہوں پر تنظیم نو جبکہ یوتھ، MSM اور علماء کونسل کی تنظیم سازی بھی کی گئی۔ مشائخ عظام کے ساتھ ملاقاتیں بھی مستقبل میں اندرون سندھ کام میں بہتری کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top