پاکپتن شریف: پاکستان عوامی تحریک کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاجی ریلی

مورخہ: 20 جون 2014ء

پاکستان عوامی تحریک ضلع پاکپتن شریف کے زیراہتمام ریاستی دہشت گردی اور پولیس کی غنڈہ گردی کے نتیجہ میں ہونے والے سانحہ ماڈل ٹائون کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت سید ابو دائود شاہ بخاری امیر تحریک ڈسٹرکٹ پاکپتن شریف نے کی۔ ریلی میں شہر فرید کے نامور مذہبی، سیاسی و سماجی قائدین نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے ہر فیصلہ اور لائحہ عمل پر لبیک کہنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میاں محمد شریف سُسل صدر پاکستان عوامی تحریک ڈسٹرکٹ پاکپتن شریف، رانا غلام مصطفی فریدی ناظم ڈسٹرکٹ پاکپتن، تحصیل جنرل سیکرٹری PAT محمد مبشر طٰہ، سٹی صدر PAT صابر علی قادری، سیکرٹری فنانس PAT وحید شہزاد بھٹہ، تحصیل صدر شیخ محمد اشرف حیدری، محمد عقیل شہباز ایڈووکیٹ ناظم تحصیل پاکپتن، ڈوویژنل کوآرڈنیٹر MSM رائے منظور احمد کھرل، تحصیل صدر MYL میاں یٰسین تبسم ایڈووکیٹ بھی شامل تھے۔

ریلی بجلی چوک سے شروع ہوئی براستہ نگینہ چوک، ٹائون ہال سے ہوتی ہوئی دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر پر پہنچی۔ ریلی کے شرکاء نے موجودہ سیاسی نظام و حکومت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ قائدین نے موجودہ حکمرانوں اور سانحہ کے ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان حکمرانوں میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات باقی ہے تو انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔ خواتین کی کثیر تعداد بھی ریلی میں شریک تھی۔

امیر تحریک سید ابو دائود شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انشاء اللہ العزیز شیخ الاسلام کی 23 جون کو پاکستان آمد پر انکا فقید المثال استقبال کیا جائے گا اور اُن کے سرزمین پاکستان پر قدم رکھتے ہی انقلاب کا قافلہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گا۔ یہ ریاستی دہشت گرد طاہر القادری کے دیوانوں کے حوصلوں کے آزمانہ چاہتے ہیں تو آئیں آزما لیں، ان کے عزم و استقلال میں رتی برابر بھی لغزش نہ آئی ہے اور نہ آئے گی۔ ہم صبح انقلاب تک یا صبح شہادت تک اپنے قائد کے دست و بازو بن کر اس کرپٹ نظام اور ظالم حکمرانوں کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے رہیں گے۔ تحریک منہاج القرآن کا ایک ایک کارکن اپنی جان تو دے دے گا لیکن اپنے قائد کی ذات پر ایک حرف تک نہیں آنے دے گا۔ جب تک نظام نہیں بدلے گا ملک میں حقیقی تبدیلی نہیں آسکتی، قائد انقلاب نے انقلاب کیلئے اذان دے دی ہے اور اقامت بھی کہی جا چکی ہے اب کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل لوگ جب نکلیں گے تو انشاء اللہ وہ صبح انقلاب کا دن ہو گا اور انقلاب اس قوم کا مقدر ہو گا ۔

ریلی کے اختتام پر دیوان عظمت سید محمد چشتی نے شہداء سانحہ ماڈل ٹائون کیلئے اعلیٰ درجات کی دُعا مانگی اور انقلاب کی فائنل کال پر تمام پاکستانیوں کیلئے بھی دُعا کی کہ اللہ پاک ان تمام اہلیان پاکستان کو راہ حق کے مسافر بننے کی توفیق عطا فرمائے اور جلد از جلد ان ظالم حکمرانوں سے عوام کو نجات ملے ۔

تبصرہ

Top