ملتان میں گیارہویں سالانہ سیدہ زینب علیھا السلام کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام گیارہویں سالانہ سیدہ زینب علیھا السلام کانفرنس ملتان آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کی جبکہ مہمان خصوصی آمنہ ہاشمی تھیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کانفرنس سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ میدان کربلا میں سیدہ زینب علیھا السلام نے جس صبر واستقامت کا مظاہرہ کیا تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے خواتین کیلئے جبروبربریت کے خلاف ڈٹ جانے کی عظیم مثال قائم کی۔ آج ہم پر یزیدی نظام مسلط کردیا گیا ہے۔ معاشرے کو اس یزیدی نظام سے پاک کرنے کیلئے سیدہ زینب علیھا السلام کی سیرت پر عمل کرنا ہوگا۔ آج بھی سیدہ زینب علیھا السلام کا کردار و سیرت انقلابی خواتین کیلئے مشعل ِ راہ ہے۔

لاہور سے معروف خاتون سکالراور نجی ٹی وی کی اینکر پرسن نرید فاطمہ نے کہا کہ سیدہ زینب علیھا السلام نے میدانِ کربلا میں خواتین کیلئے حق کا معیار مقرر کردیا کہ جب بھی کسی یزید کا سامنا ہوتو اپنے خاندان کو قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے اور سیدہ زینب علیھا السلام کی باندیاں بن کر یزیدیت کو للکارنا چاہیے۔ جب وقت کے یزید صفت حکمرانوں نے ماڈل ٹاﺅن میں گولیاں برسا کر آج کے دور کی کربلا برپا کی تو سیدہ زینب علیھا السلام کی باندیاں سرپر کفن باندھ کر یزیدی جبروبربریت کا مقابلہ کرنے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع ملتان کی صدر ہمااسماعیل نے کہا کہ سیدہ زینب علیھا السلام نے دربار یزید میں جو تاریخی خطبہ دیا اس کی گونج آج بھی اہل حق خواتین کیلئے باعث تقویت ہے۔ آپ کے ولولہ انگیز اور انقلابی خطبے نے تخت یزید کو ہلا کے رکھ دیا۔

کانفرنس میں معروف شخصیات آنسہ، ادیبہ شہزادی، میمونہ شہزادی، ڈاکٹر سمیرا ابرار ملک، ڈاکٹر نگینہ زبیر، ڈاکٹر عالیہ رباب ہاشمی، مسز عدیلہ یاسر، مسز اشفاق احمد، مسز ثمینہ وجاہت، مسز بشریٰ منیر، مسز رئیسہ کلیم، مسز بسمہ چاندنی، مسز ارشدناز، مسز مبصرہ احمد، مسز ریحانہ نواز، مسز کامران شوکت، مسز محمد اسلم، نازیہ، مدیحہ جاوید، ڈاکٹرجمیلہ خالد، امِ لیلیٰ ہاشمی، حاجرہ طاہر ہاشمی، مہک علی، انعم مصطفی، مصباح مصطفی، صباء صفدر، ندا اشتیاق، سحرش حبیب، نتاشہ، سحرش، عائشہ، فوزیہ آصف، صدف اکرم چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔

سیدہ زینب علیھا السلام کانفرنس میں منہاج ویمن نعت کونسل کی بچیوں نے دف کے ساتھ نعت شریف پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض پروفیسرصدف نقوی نے سرانجام دئے۔ آخر میں دعا کیساتھ کانفرنس ختم ہوئی۔

تبصرہ

Top