بلوچستان: تحریک منہاج القرآن ضلع صحبت پور کی ریلی

تحریک منہاج القرآن ضلع صحبت پور کے امیر سردار علی بنگلزئی کی قیادت میں سانحہ درگاہ فتح پور شریف اور آئین میں ختم نبوت بل کی ترمیم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی مین چوک سے نکل کر شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور پہنچی۔ ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز تھے جن پر دہشت گردوں اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء سے تحریک منہاج القرآن صحبت پور کے ضلعی امیر سردار علی بنگلزئی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں درگاہ فتح پور میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وقت اولیاء اللہ کے مزارات اور عوام الناس کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ آئے روز مزارات پر خود کش حملے کئے جاتے ہیں اور کئی بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جاتا ہے لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ نے آئین میں ختم نبوت کی شک میں ترمیم کرکے انتہائی غلط اقدام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی مذمت پر اس ترمیم کو واپس لیا گیا۔ آخر میں درگاہ فتح پور میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

جاری کردہ سردار علی بنگلزئی (ضلعی امیر صحبت پور بلوچستان)

تبصرہ

Top