رحیم یار خان: پاکستان عوامی تحریک کی مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی

مورخہ: 03 مارچ 2014ء

نجکاری کی آڑ میں لوٹ سیل جاری، بیچنے اور خریدنے والے ہاتھ ایک ہیں۔ مرکزی صدر عوامی تحریک
ریلی سے ایم ایس ایم کے مرکزی نائب صدر رضی طاہر، خواتین ونگ کی راہنما طاہرہ اسلم، نورین مصطفی ودیگر کا بھی خطاب

پاکستان عوامی تحریک رحیم یار خان کے زیراہتمام مہنگائی، کرپشن، غیر آئینی نجکاری اور دہشت گردی کی مذمت میں احتجاجی ریلی مورخہ 2 مارچ بروز اتوار کو خانپور اڈا سے ریلوے چوک تک نکالی گئی جس کی صدارت مرکزی صدر PAT شیخ زاہد فیاض نے کی، جبکہ نائب صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ رضی طاہر، علامہ فیاض بشیر قادری ڈویژنل کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر الیاس صوبائی نائب صدر PAT، طاہر فریدی زونل ناظم، عبدالحق رحمانی ضلعی صدر PAT، غلام معین الدین ضلعی کوآرڈینیٹر MSM ،PAT ویمن ونگ کی ذمہ داران طاہرہ اسلم، نورین مصطفی و دیگر ذمہ داران کے علاوہ ہزاروں خواتین وحضرات نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز خانپور اڈا رحیم یار خان سے ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی ریلی ریلوے چوک پہ اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ موجودہ حکومت کے چھ ماہ عوام کیلئے بہت گراں گزرے ہیں۔ بیرونی قرضوں، مہنگائی، دہشت گردی اور بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس قوم کو ان مسائل سے نجات دلانے کیلئے نہ کوئی حکمت عملی ہے نہ صلاحیت ہے۔ جعلی مینڈیٹ، بدترین دھاندلی اور فرسودہ نظام انتخاب کے ذریعے اسمبلیوں میں پہنچنے والے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، ایسے میں نجات کا راستہ فقط انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کی آڑ میں قومی اداروں کی لوٹ سیل کا عمل جاری ہے۔ اداروں کو اونے پونے داموں بیچا جا رہا ہے۔ بیچنے والے اور خریدنے والے ہاتھ ایک ہی ہیں اور دوسری طرف دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کا ڈرامہ رچا کر پوری قوم کو کنفیوژن میں رکھا جا رہا ہے۔ قاتلوں کیساتھ مذاکرات تباہی کا نیا راستہ ہے جس کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ ہم دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ اس فتنے کے خاتمے تک ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پر بہت جلد نماز انقلاب ادا کی جائے گی جس کے نتیجے میں ملک میں امن وامان قائم ہوگا اور کرپشن کا جڑ سے خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کا نیٹ ورک ملک کے کونے کونے میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور لوگ جوق در جوق اس انقلابی قافلے کا حصہ بن رہے ہیں۔ وہ وقت اب دور نہیں کہ ایک کروڑ انسانوں کا سمندر سڑکوں پر ہوگا۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ایم کے مرکزی نائب صدر رضی طاہر نے کہا کہ محض خوشنما نعروں سے نوجوانوں کا مستقبل نہیں بدل سکتا۔ حالت یہ ہے کہ پڑھا لکھا نوجوان ڈگریاں جلانے اور خود سوزیاں کرنے پر مجبور ہے اور سیاسی تماشائی محض تماشے دکھانے میں مصروف ہیں۔ نوجوانو ں اور طلبہ کی نگاہیں اب طاہرالقادری کی ایک کال پر ہیں۔ طاہرالقادری کی آواز قوم کے ہر طبقے کی آواز بن چکی ہے۔ ظلم، استحصال، طبقاتی نظام تعلیم اور فرسودہ روایات کے خاتمے کیلئے ملک بھر میں انقلابی کارکنان سرگرم ہیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ فیاض بشیر قادری نے کہا کہ نظام مصطفی ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ جب تک ہماری سیاست مصطفوی نہیں ہو جاتی تب تک پاکستان سے بدامنی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ ڈاکٹر الیاس نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت ہی ملک سے بحرانوں کا خاتمہ کر سکتی ہے۔

خواتین نمائندگی کرتے ہوئے نورین مصطفی ناظمہ ویمن ونگ نے کہا کہ قوم کی مائیں بیٹیاں، بہنیں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کرپٹ نظام کیخلاف سرگرم عمل ہیں۔ آج رحیم یار خان میں خواتین کا کثیر تعداد میں شریک ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لئے ہر فورم پر اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔ خواتین کے استحصال کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ مختلف کالجز کے طلبہ نے ریلی میں شرکت کر کے اس بات کا عملی ثبوت دیا ہے کہ نوجوان اب ڈاکٹر طاہرالقادری کے ایجنڈے پہ نہ صرف متفق ہیں بلکہ شانہ بشانہ ان کیساتھ ہیں۔ ریلی سے دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ آخر میں ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں گی گئیں۔

تبصرہ

Top